خیرپور: ڈاکوؤں کے ٹھکانے پر پولیس کا ڈرون حملہ، 2 بچوں سمیت 3 افراد جاں بحق

گاؤں سعید لاکو میں پولیس کا ڈاکوؤں کے ٹھکانوں پر حملہ، واقعے کے خلاف احتجاج، قومی شاہراہ بند
شائع 23 اپريل 2026 11:29am

خیرپور کے نواحی گاؤں سعید لاکو میں پولیس کی جانب سے ڈرون کے ذریعے ڈاکوؤں کے خلاف کارروائی کی گئی، جس کے نتیجے میں دو بچوں سمیت تین افراد جاں بحق ہو گئے۔ واقعے کے بعد مقامی افراد نے شدید احتجاج کیا۔

پولیس کے مطابق خیرپور کے نواحی علاقے گاؤں سعید لاکو میں ڈاکوؤں کے خلاف کارروائی کے دوران ڈرون کا استعمال کیا گیا، جس میں مبینہ طور پر ڈاکوؤں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس کارروائی کے نتیجے میں دو بچوں سمیت تین افراد جاں بحق ہو گئے، جبکہ واقعے کی نوعیت اور ہلاکتوں کی تفصیلات جاننے کے لیے مزید تحقیقات جاری ہیں۔

واقعے کے بعد دھاریجہ برادری کے افراد نے شدید احتجاج کرتے ہوئے قومی شاہراہ کو بلاک کر دیا، جس کے باعث ٹریفک کی آمدورفت معطل ہو گئی اور مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ واقعے کی شفاف تحقیقات کی جائیں اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔ دوسری جانب حکام کا کہنا ہے کہ صورتحال کو قابو میں لانے اور ٹریفک بحال کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔