خاتون کی مہاسوں سے صاف اور چمکدار جلد تک حیران کن تبدیلی، وائرل ویڈیو کی سوشل میڈیا پر دھوم
دبئی سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون کی انسٹاگرام ویڈیو ان دنوں سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، جس میں ان کی جلد کی حیران کن تبدیلی دکھائی گئی ہے۔
اس ویڈیو میں وہ اپنی شدید مہاسوں والی جلد سے ایک صاف، ہموار اور چمکدار چہرے تک کے کٹھن سفر کو شیئر کرتی ہیں، جس نے لاکھوں لوگوں کو متاثر کر دیا ہے۔
ویڈیو کا آغاز انتہائی تکلیف دہ مناظر سے ہوتا ہے، جس میں خاتون کے چہرے اور تھوڑی پر ایکنی کے سرخ نشانات، سوزش اور گہرے داغ واضح دیکھے جا سکتے ہیں۔
اس کے بعد ویڈیو کا دوسرا حصہ ایک دم تبدیل ہوتا ہے جہاں ان کی جلد بالکل صاف، چمکدار اور ہموار دکھائی دیتی ہے۔ صارفین اسے ”انٹرنیٹ کی سب سے حقیقی گلو اپ کہانی“ قرار دے رہے ہیں۔
خاتون نے ویڈیو کے کیپشن میں جذباتی انداز میں لکھا کہ، ’خدا جانتا ہے کہ میں نے اپنی ماں کے سامنے گھنٹوں روتے ہوئے کتنی راتیں گزاری ہیں، میں ہمیشہ یہی سوچتی تھی کہ کیا میں کبھی اپنی اس جلد کے ساتھ خود کو خوبصورت محسوس کر پاؤں گی؟
انہوں نے مزاحیہ انداز میں یہ بھی کہا کہ وہ اپنی جدوجہد چھپانا نہیں چاہتیں کیونکہ انہوں نے یہ سب حقیقت میں سہا ہے۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق ایک انسٹاگرام میسیج میں سارہ نے بتایا کہ ان کی جلد میں بہتری دو سادہ عادات اپنانے سے آئی۔ انہوں نے ویپنگ چھوڑ دی اور چہرہ دھونے کے لیے عام صابن کا استعمال شروع کر دیا۔
ان کا کہنا ہے کہ اس دوران انہوں نے کوئی مہنگا علاج، دوائیں یا خاص ااسکن کیئر مصنوعات استعمال نہیں کیں، بلکہ اپنی زیادہ تر اسکن کیئر روٹین بھی چھوڑ دی تھیں۔
انہوں نے بتایا کہ ان کے چہرے کی جلد اس قدر خراب ہوچکی تھی کہ وہ مختلف اسکن کیئر مصنوعات استعمال کرنے سے ڈرتی تھیں، یہاں تک کہ موئسچرائزر اور سن اسکرین بھی باقاعدگی سے استعمال نہیں کر پاتی تھیں۔
بعد ازاں جب ایکنی میں کمی آنے لگی تو انہوں نے آہستہ آہستہ موئسچرائزر اور سن اسکرین کو دوبارہ اپنی روزمرہ روٹین میں شامل کر لیا۔
اس وقت ان کی نارمل اسکن کیئر روٹین یہی ہے کہ وہ چہرہ صابن سے دھوتی ہیں، رات کو موئسچرائزر لگاتی ہیں اور دن میں سن اسکرین استعمال کرتی ہیں۔
تاہم سارہ نے یہ بھی واضح کیا کہ ان کا یہ طریقہ ہر فرد کے لیے موزوں نہیں اور وہ کسی کو بھی بار صابن کے استعمال کا مشورہ نہیں دیتیں، کیونکہ ہر شخص کی جلد مختلف ہوتی ہے۔
یہ ویڈیو تیزی سے وائرل ہو گئی۔ ویڈیو کو اب تک ساڑھے سات لاکھ سے زائد مرتبہ دیکھا جا چکا ہے اور ہزاروں صارفین نے اس پر اپنی رائے کا اظہار کیا ہے۔۔ لوگوں نے ان کی ہمت اور اپنی کہانی شیئر کرنے کو سراہا ہے۔
تبصروں کے حصے میں جہاں لوگوں نے انہیں سراہا، وہیں ایک صارف نے اپنی صحت کا راز بتاتے ہوئے کہا کہ جلد کی صحت کا براہِ راست تعلق ہمارے معدے سے ہے۔
انہوں نے مشورہ دیا کہ صحت بخش غذا اور پرہیز کے ذریعے نہ صرف وزن بلکہ ایکنی اور خشکی جیسے مسائل پر بھی قابو پایا جا سکتا ہے۔ کئی افراد نے اس بات پر زور دیا کہ ایکنی صرف ظاہری مسئلہ نہیں بلکہ اعتماد پر بھی گہرا اثر ڈالتی ہے۔
















