کانز فلم فیسٹیول 2026: صنم سعید کا روایتی مشرقی انداز میں شاندار ڈیبیو

روایتی لک نے مداحوں اور عالمی میڈیا کو سحر زدہ کر دیا۔
شائع 17 مئ 2026 03:19pm

پاکستان ڈرامہ اور فلم انڈسٹری کی مایہ ناز اداکارہ صنم سعید نے فرانس میں جاری کانز فلم فیسٹیول ’کانز فلم فیسٹیول 2026‘ کے ریڈ کارپٹ پر اپنا شاندار ڈیبیو کیا ہے۔

اپنی سپر ہٹ پرفارمنس سے ناظرین کے دل جیتنے والی صنم سعید نے کانز فیسٹیول کے ’ساؤتھ ایشین ویمن ایکسیلنس سینیما اینڈ آرٹس‘ کے اعزازی گروپ کی نمائندگی کرتے ہوئے شرکت کی۔

فرانس کے شہر کانز میں جب صنم سعید ریڈ کارپٹ پر آئیں تو وہاں موجود شرکاء نے تالیاں بجا کر ان کا استقبال کیا، جس پر اداکارہ نے مسرت کا اظہار کرتے ہوئے سب کا شکریہ ادا کیا۔

صنم سعید نے اپنے اس یادگار ڈیبیو کے لیے کسی مغربی لباس کے بجائے خالصتاً روایتی اور مشرقی انداز کا انتخاب کیا، جسے عالمی سطح پر بے حد سراہا جا رہا ہے۔

اپنے ابتدائی لک میں صنم سعید نے مشہور پاکستانی ڈیزائنر حسین رہر کا تیار کردہ خوبصورت لباس پہنا۔ اپنے تاثرات میں پاکستان کی لیجنڈری اداکارہ و فلم میکر ’میڈم شمیم آرا‘ کی سنیما کی دنیا میں خدمات اور وراثت کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

فیسٹیول کے دوران صنم سعید نے ڈیزائنر حسین رہر کے خصوصی شو کیس میں بھی شرکت کی، جہاں ان کے اسٹائلش لک نے ایک بار پھر سب کی توجہ اپنی جانب مبذول کروا لی۔

صنم سعید کا سب سے دلفریب لک ان کا آفیشل ریڈ کارپٹ ڈیبیو تھا، جہاں وہ سفید رنگ کےایسے لباس میں نمودار ہوئیں جس کی تیاری نے سب کو حیران کر دیا۔

مور سے متاثر ہو کر بنائے گئے اس ہالٹر نیک اور بیلون ہیم والے شاہکار لباس کو حسین رہر کے 50 کاریگروں نے کئی گھنٹوں کی کڑی محنت سے تیار کیا تھا۔

اس لباس پر مکیش، زردوزی اور شیشے کا نفیس اور چمکدار کام کیا گیا تھا۔ صنم سعید نے اس لباس کے ساتھ میچنگ دوپٹہ اوڑھا، بالوں میں لمبی چٹیا بنا کر سفید گلاب کے پھولوں کا گجرا سجایا۔

کانز فلم فیسٹیول 2026 کے چوتھے روز صرف پاکستان ہی نہیں بلکہ دیگر جنوبی ایشیائی ممالک کی شخصیات نے بھی اپنے فن اور ثقافت کے جلوے بکھیرے۔

کانز فلم فیسٹیول کا یہ 79واں ایڈیشن فرانس میں 12 مئی سے 23 مئی 2026 تک جاری ہے۔