سلہٹ ٹیسٹ کا دوسرا روز: پاکستان 232 رنز پر ڈھیر، بنگلہ دیش کی بیٹنگ جاری

سہلٹ ٹیسٹ کے دوسرے روز بنگلہ دیش نے 46 رنز کی برتری سے دوسری اننگز کا آغاز کیا ہے۔
شائع 17 مئ 2026 03:29pm

پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان سلہٹ میں جاری ٹیسٹ کے دوسرے روز میزبان ٹیم کی شاندار بولنگ کے سامنے پاکستانی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی۔ بابر اعظم کی ذمہ دارانہ نصف سنچری اور ساجد خان کی جارحانہ بیٹنگ کے باوجود پاکستانی ٹیم پہلی اننگ میں 46 رنز کے خسارے کا شکار ہوئی۔ بنگلہ دیش نے پہلی اننگز میں 278 رنز بنائے تھے، جواب میں پاکستانی ٹیم 232 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

سہلٹ ٹیسٹ کے دوسرے روز پاکستان کو آل آؤٹ کرنے کے بعد بنگلہ دیش نے 46 رنز کی برتری سے دوسری اننگز کا آغاز کیا ہے اور میچ میں اس کی پوزیشن مستحکم نظر آرہی ہے۔

میچ کے دوسرے دن کا آغاز پاکستان کے لیے انتہائی مایوس کن رہا۔ پہلے ٹیسٹ میں دو نصف سنچریاں بنانے والے عبداللہ فضل 9 رنز اور ڈیبیو پر سنچری اسکور کرنے والے اذان اویس 13 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

اس مشکل صورت حال میں کپتان شان مسعود اور بابر اعظم نے 38 رنز کی شراکت قائم کر کے ٹیم کو سنبھالنے کی کوشش کی، تاہم مہدی حسن نے یہ پارٹنرشپ توڑ دی اور شان مسعود 21 رنز بنا کر وکٹ گنوا بیٹھے۔ سعود شکیل بھی 8 رنز پر چلتے بنے، جس کے بعد پاکستانی بیٹنگ لائن مزید دباؤ میں آگئی۔

پاکستان کی جانب سے بابر اعظم سب سے نمایاں بلے باز رہے جنہوں نے 84 گیندوں پر 68 رنز کی اننگز کھیلی۔ ان کی اننگز میں 10 چوکے شامل تھے، تاہم انہیں دوسرے اینڈ سے خاطر خواہ تعاون نہ مل سکا۔

بابر اعظم نے کسی حد تک بنگلہ دیشی بالرز کا مقابلہ کیا اور ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا، تاہم 142 کے مجموعی اسکور پر وہ بھی ناہید رانا کا شکار بن گئے۔

سلمان علی آغا ٹیم کے اسکور میں 21 اور محمد رضوان 13 رنز کا اضافہ کرسکے۔ پاکستان کے نویں نمبر کے بیٹر ساجد خان نے آخر میں جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کا خسارہ کم کرنے کی کوشش کی۔ انہوں نے صرف 28 گیندوں پر 38 رنز بنائے، جس میں چار چھکے شامل تھے۔ ساجد نے تیج الاسلام کے ایک اوور میں مسلسل تین چھکے لگا کر دلچسپ صورت حال پیدا کردی تھی، تاہم اگلے اوور میں ناہید رانا نے انہیں آؤٹ کر دیا۔

یکے بعد دیگرے وکٹیں گرنے کے نتیجے میں پاکستان کی پوری ٹیم 232 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور بنگلہ دیش کو پاکستان پر 46 رنز کی برتری حاصل ہوگئی۔

بنگلہ دیش کی جانب سے ناہید رانا اور تیج الاسلام نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ تسکین احمد اور مہدی حسن نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

میچ کے پہلے روز پاکستانی کپتان شان مسعود نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ بنگلہ دیشی وکٹ کیپنگ بیٹسمین لٹن داس نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 126 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی تھی اور ٹیم کو مضبوط پوزیشن میں پہنچایا تھا۔

پاکستان کی جانب سے خرم شہزاد نے پہلی اننگ میں بہترین بولنگ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کی تھیں، محمد عباس نے 3، حسن علی نے 2 جب کہ ساجد خان نے ایک وکٹ حاصل کی تھی۔

یاد رہے کہ دو ٹیسٹ میچوں کی اس سیریز میں بنگلہ دیش کو پہلے ہی ایک میچ کی برتری حاصل ہے۔