بجلی کی فی یونٹ قیمت میں ایک ماہ کے لیے بڑے اضافے کا امکان

سی پی پی اے کی نیپرا میں درخواست جمع، بجلی صارفین پر اضافی بوجھ ڈالنے کی تیاری
اپ ڈیٹ 20 مئ 2026 05:23pm

ملک بھر کے بجلی صارفین کے لیے ایک اور بُری خبر سامنے آگئی ہے کہ ایک ماہ کے لیے بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 1 روپے 72 پیسے اضافے کا امکان ہے جب کہ نیپرا میں اپریل کے لیے فیول ایڈجسٹمنٹ کی درخواست دائر کردی گئی ہے۔

کراچی سمیت ملک بھر کے لیے بجلی کی فی یونٹ قیمت میں بڑے اضافے کا امکان ہے۔ اس حوالے سے سینٹرل پرچیزنگ پاور ایجنسی (سی پی پی اے) نے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) میں درخواست دائر کردی ہے، جس کے مطابق ایک ماہ کے لیے 1 روپے 72 پیسے کے بڑے اضافے کا امکان ہے۔

سی پی پی اے نے ماہ اپریل کے لیے فیول پرائس کی مد میں درخواست دائر کی، نیپرا اتھارٹی سی پی پی اے کی درخواست پر 2 جون کو سماعت کرے گی۔

درخواست میں کہا گیا کہ اپریل میں پانی سے 21.89 فیصد، مقامی کوئلے سے 15.61 فیصد بجلی بنی اور درآمدی کوئلے سے 14.14 فیصد بجلی پیدا کی گئی۔

اپریل میں آر ایف او سے 5.11 فیصد ، مقامی گیس سے 10.49 فیصد اور آر ایل این جی سے 4 فیصد بچلی پیدا ہوئی  ہیں۔ اپریل کے مہینے میں ایٹمی توانائی سے 22.07 فیصد اور سولر سے پیداور 1.17 فیصد رہی جب کہ  ٹرانسمیشن لاسز کی مد میں 1.95 فیصد بجلی ضائع ہوئی ہے۔ 

بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی صورت میں اطلاق کے الیکٹرک سمیت ملک بھر کے تمام ڈسکوز کے صارفین پر ہو گا۔