شاہ رخ خان کے ساتھ فلم کی آفر کا دعویٰ، اداکارہ میرا سوشل میڈیا پر ٹرول
پاکستان کی معروف اداکارہ میرا کے نئے دعوے نے ایک بار پھر سوشل میڈیا پر ہنگامہ برپا کر دیا ہے۔
وہ ان دنوں اپنی نئی فلم ’سائیکو‘ کی تشہیر میں مصروف ہیں جو عید الاضحیٰ پر ریلیز ہونے جا رہی ہے۔ اس فلم میں ان کے ساتھ مشہور اداکار شان شاہد بھی نظر آئیں گے۔ فلم کی پروموشن کے سلسلے میں میرا مختلف ڈیجیٹل چینلز اور پوڈ کاسٹ کو انٹرویوز دے رہی ہیں۔
اسی دوران انہوں نے ایک ڈیجیٹل میڈیا چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے ماضی کا ایک حیران کن قصہ سنایا۔ میرا نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارت کے مایہ ناز ہدایت کار یش چوپڑا نے انہیں بولی ووڈ کے کنگ شاہ رخ خان کے ساتھ ایک بڑی فلم میں ہیروئن کا کردار آفر کیا تھا۔
اپنے اس انکشاف پر بات کرتے ہوئے میرا کا کہنا تھا کہ یش چوپڑا نے مجھے شاہ رخ خان کے ساتھ اپنی فلم ’جب تک ہے جان‘ میں کاسٹ کیا تھا۔ اس فلم میں مجھے جو کردار آفر ہوا تھا اسے بعد میں کترینہ کیف نے ادا کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ مجھے اس فلم میں وہ رول کرنا تھا اور اس کی شوٹنگ لندن میں ہونی تھی۔ بھارت میں امیتابھ بچن، شاہ رخ خان، سنجے دت، کرن جوہر اور گوری خان سمیت سب نے مجھے ویلکم کیا تھا اور میں دلیپ کمار کے گھر پر بھی دس دن مہمان رہی تھی۔
اداکارہ میرا کا یہ انٹرویو سامنے آتے ہی سوشل میڈیا پر تبصروں کا ایک طوفان آ گیا ہے۔ صارفین کی بڑی تعداد ان کے اس دعوے کو مبالغہ آرائی اور جھوٹ قرار دے کر انہیں ٹرول کررہی ہے۔
بہت سے لوگوں کا کہنا ہے کہ میرا کو کوئی ایسی بات کرنی چاہیے تھی جس پر کوئی یقین بھی کر سکے جبکہ کچھ صارفین کا کہنا ہے کہ میرا اس بات کو اچھی طرح جانتی ہیں کہ میڈیا کی توجہ کیسے حاصل کرنی ہے اور شہ سرخیوں میں کیسے رہنا ہے۔



















