کوئٹہ میں بزدلانہ، خودکش اور دہشتگردانہ اقدام کی مذمت کرتے ہیں: ایرانی سفیر

وزیراعظم اور قومی قیادت کا معصوم شہریوں کےجاں بحق ہونے پراظہار افسوس
اپ ڈیٹ 24 مئ 2026 03:26pm

پاکستان میں ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ بزدلانہ خودکش دہشتگردانہ اقدام کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ واقعے میں 20 سے زائد شہریوں کی جانیں ضائع ہوئیں، جو انتہائی افسوسناک ہے۔

ایرانی سفیر کا کہنا تھا کہ دہشتگردی دنیا میں ہر شکل میں قابلِ مذمت رجحان ہے جبکہ شہری ٹرانسپورٹ کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانا بھی ناقابلِ قبول ہے۔

انہوں نے پاکستانی حکومت اور عوام کے ساتھ دلی اور مخلصانہ تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد اور مکمل صحت یابی کی دعا بھی کی۔

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے کوئٹہ دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے معصوم شہریوں کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں پوری قوم بلوچستان کے عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بزدلانہ کارروائیاں قوم کے حوصلے پست نہیں کرسکتیں اور حکومت دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے عزم پر قائم ہے۔

شہباز شریف نے جاں بحق افراد کے اہلخانہ سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں امن خراب کرنے کی ہر سازش ناکام بنائی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ معصوم شہریوں کو نشانہ بنانا انسانیت دشمنی ہے جبکہ پوری قوم سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

صدرِمملکت آصف علی زرداری نے بھی کوئٹہ دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے اہلخانہ سے تعزیت اور اظہارِ ہمدردی کیا۔

صدرِمملکت نے کہا کہ دشمن پاکستان کی عالمی امن کی کوششوں سے توجہ ہٹانا چاہتے ہیں تاہم امن و استحکام کے خلاف دشمن کی ہر کوشش ناکام بنائی جائے گی۔