ایران سے معاہدے میں کوئی جلدی نہیں، معاملات ہمارے حق میں ہیں: صدر ٹرمپ
امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران سے معاہدے کی کوئی بھی خبر اچھی ہی ہوگی، میں ایران سے کوئی ہلکا سمجھوتا نہیں کروں گا کیوں کہ میں برے معاہدے نہیں کرتا، میں ابھی ڈیل کے بارے میں کچھ نہیں بتاؤں گا، یہ مجھ پر ہے کہ میں بتاؤں یا نہیں۔
اتوار کو اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری ایک بیان میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے ساتھ مذاکرات منظم اور تعمیری انداز میں آگے بڑھ رہے ہیں، میں نے اپنے نمائندوں کو ہدایت دی ہے کہ ایران سے معاہدے پر جلد بازی نہ کی جائے کیوں کہ وقت امریکا کے حق میں ہے۔

صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکا اور ایران کے درمیان بات چیت درست سمت میں آگے بڑھ رہی ہے، ایران کے ساتھ ایک معاہدہ زیادہ تر حد تک طے پا چکا ہے تاہم اس کی تفصیلات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔
آبنائے ہرمز کی صورت حال پر بات کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ آبنائے ہرمز میں امریکی بحری ناکہ بندی اس وقت تک برقرار رہے گی جب تک کوئی معاہدہ طے پاکر اس کی تصدیق اور دستخط شدہ نہ ہو جائیں۔
امریکی صدر نے کہا کہ دونوں فریقین کو وقت لے کر درست فیصلہ کرنا ہوگا، کوئی غلطی نہیں ہونی چاہیے۔ ان کے مطابق امریکا اور ایران کے تعلقات زیادہ پیشہ ورانہ اور نتیجہ خیز سمت میں جا رہے ہیں۔
انہوں نے ایران کے ساتھ جاری مذاکرات کے حوالے سے سابق صدر باراک اوباما کی جوہری ڈیل کو امریکی تاریخ کے بدترین معاہدوں میں سے ایک قرار دیتے ہوئے کہا کہ اوباما انتظامیہ نے ایسا معاہدہ کیا تھا جو ایران کو ایٹمی ہتھیار بنانے کی سیدھی راہ فراہم کرتا تھا۔
صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ ان کی انتظامیہ اس وقت ایران کے ساتھ جس معاہدے پر مذاکرات کررہی ہے، وہ اوباما دور کے معاہدے کے بالکل برعکس ہے۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ایران کے ساتھ امریکا کے تعلقات اب زیادہ پیشہ ورانہ اور نتیجہ خیز ہوتے جا رہے ہیں تاہم ایران کو یہ بات سمجھنا ہوگی کہ اسے کسی صورت ایٹمی ہتھیار یا بم تیار کرنے یا حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
انہوں نے مشرق وسطیٰ کے ممالک کا تعاون اور حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میں سپورٹ پر مشرق وسطی کے ممالک کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں، ان کے ابراہم معاہدے میں شمولت سے یہ تعاون مزید بڑھے گا، کیا پتہ مستقبل میں اسلامی جمہوریہ ایران بھی ابراہم معاہدے میں شامل ہوجائے۔
واضح رہے کہ پاکستان کی ثالثی میں امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کا سلسلہ جاری ہے، اس سے قبل ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ ایران کے ساتھ معاہدہ جلد ہو جائے گا۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف بھی پرامید ہیں کہ امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور جلد اسلام آباد میں ہوگا جب کہ اس سلسلے میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ایران کا سرکاری دورہ کیا تھا، جس کے بعد وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پاکستان میں ایرانی سفیر کو ٹیلی فون کرکے امریکا اور ایران کے درمیان بات چیت میں مثبت پیشرفت کی نوید سنائی۔













