جی پی ایس کو فالو کرتے ہوئے خاتون نےگاڑی ریلوے ٹریک پر چڑھا دی

امریکی خاتون کے مطابق وہ جی پی ایس کو فالو کر رہی تھیں اور پھر سڑک کے بجائے ٹرین کی پٹری آگئی.
شائع 05 جون 2026 10:38am

واشنگٹن میں ایک 70 سالہ خاتون جی پی ایس کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے اپنی گاڑی لائٹ ریل کے ٹریک پر لے گئیں، جس کے نتیجے میں ٹرین سروس تقریباً دو گھنٹے تک معطل رہی۔

یہ حیران کن واقعہ سیئٹل کے ماؤنٹ بیکر اسٹیشن پر منگل کی شام 6 بجکر 20 منٹ پر پیش آیا، جہاں مسافر اس وقت دنگ رہ گئے جب ایک سرخ مزدا CX-5 گاڑی آہستہ آہستہ ٹرین پلیٹ فارم تک پہنچ گئی۔ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں گاڑی کو ریل کی پٹری پر چلتے دیکھا جا سکتا ہے۔

خاتون کے مطابق وہ جی پی ایس کو فالو کرتی ہوئی گاڑی ڈرائیو کر رہی تھیں اور پھر سڑک کے بجائے ٹرین کی پٹری آگئی اور وہ ڈرائیو کرتے ہوئے یہاں تک پہنچ گئیں۔ وہ تقریباً ایک چوتھائی میل تک پٹری پر گاڑی چلاتی رہیں اور بالآخر بلند ریلوے اسٹیشن تک جا پہنچیں۔

واقعے کے بعد حکام نے فوری طور پر ٹرین سروس روک دی، بجلی منقطع کی گئی اور خصوصی کرین کے ذریعے گاڑی کو ٹریک سے ہٹایا گیا۔ سروس تقریباً دو گھنٹے بعد بحال کی گئی۔

سیئٹل پولیس کے ترجمان سارجنٹ پیٹرک مائیکوڈ نے بتایا کہ خاتون نشے یا کسی ظاہری اثر کے زیرِ اثر نہیں لگ رہی تھیں، تاہم وہ سوالات کے جواب دینے میں غیر معمولی تاخیر کر رہی تھیں۔ طبی معائنے کے بعد انہیں ہاربر ویو میڈیکل سینٹر منتقل کر دیا گیا۔ پولیس نے تاحال یہ واضح نہیں کیا کہ ان کے خلاف کوئی قانونی کارروائی کی گئی ہے یا نہیں۔

ٹرانزٹ حکام تاحال یہ معلوم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں کہ گاڑی ٹریک پر کیسے داخل ہوئی۔ عینی شاہدین کے مطابق امکان ہے کہ گاڑی اس مقام سے ٹریک پر چڑھی جہاں ریل لائن اور سڑک ایک ہی سطح پر واقع ہیں۔ وہاں سے آگے ٹریک بلند ہونا شروع ہوجاتا ہے اور اسٹیشن تقریباً 35 فٹ کی بلندی پر واقع ہے، جس کی وجہ سے گاڑی کو شدید جھٹکوں اور رگڑ کا سامنا کرنا پڑا۔

ساؤنڈ ٹرانزٹ کے حکام کا کہنا ہے کہ ادارے کی تاریخ میں یہ اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ ہے۔ ریکارڈ کے مطابق 2009 سے 2025 کے دوران ٹرانزٹ نظام سے متعلق متعدد حادثات پیش آئے، تاہم کسی گاڑی کے اس طرح براہِ راست ریلوے ٹریک پر چڑھ جانے کا واقعہ پہلے کبھی سامنے نہیں آیا۔

دوسری جانب واقعے کی ویڈیوز وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے دلچسپ تبصرے بھی کیے۔ بعض افراد نے اسے ویڈیو گیم کے منظر سے تشبیہ دی، جبکہ کئی صارفین کا کہنا تھا کہ جدید نیویگیشن ٹیکنالوجی مفید ضرور ہے، لیکن ڈرائیونگ کے دوران انسانی مشاہدہ اور بنیادی سمجھ بوجھ بھی اتنی ہی ضروری ہے۔ اور یہ کہ جی پی ایس اپنی جگہ، لیکن کبھی کبھی اپنی آنکھوں پر بھی بھروسا کر لینا چاہیے۔