پنجگور میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، فتنہ الہندوستان کے 6 دہشت گرد ہلاک
پنجگور میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران بھارتی پراکسی فتنہ الہندستان سے تعلق رکھنے والے 6 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے بعد بھارتی سرپرستی میں سرگرم تمام 6 دہشتگردوں کو انجام تک پہنچا دیا گیا۔
ہلاک ہونے والے دہشت گردوں سے اسلحہ، گولہ بارود، آئی ای ڈیز اور ایک گاڑی بھی برآمد ہوئی ہے۔ یہ دہشت گرد علاقے میں متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے اور مزید دہشتگردوں کی تلاش کے لیے کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ عزمِ استحکام کے تحت دہشت گردی کے خاتمے کی کارروائیاں پوری قوت کے ساتھ جاری رہیں گی۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا، جبکہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردی کے خلاف پرعزم ہیں۔















