دھرو راٹھی نے کاکروچ جنتا پارٹی کے احتجاج میں شرکت کرنے والوں کو خبردار کردیا
بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں آج کاکروچ جنتا پارٹی کا ملک کے اہم امتحانات کے پرچے لیک ہونے کے خلاف پُرامن احتجاج ہونے جا رہا ہے جس کی قیادت کرنے پارٹی کے بانی ابھیجیت دیپکے بھی بھارت پہنچ چکے ہیں۔ اِسی سلسلے میں معروف بھارتی یوٹیوبر دھرو راٹھی نے کاکروچ جنتا پارٹی کے احتجاج میں شرکت کرنے والوں کو خبردار کردیا ہے۔
دھرو راٹھی نے اپنے آفیشل سوشل میڈیا ’ایکس‘ اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو پیغام جاری کیا ہے جس میں انہوں نے کہا کہ آج صبح جنتر منتر پر بھارت کا سب سے بڑا جین زی احتجاج ہونے جا رہا ہے جس میں آپ لوگ ضرور شرکت کے لیے روانہ ہوں۔
بھارتی یوٹیوبر کا کہنا ہے کہ ممکن ہے کہ اس پُرامن احتجاج کو ناکام بنانے کے لیے بعض سیاسی جماعتوں کے غنڈے خلل پیدا کرنے وہاں پہنچ سکتے ہیں جس کے لیے آپ سب نے اپنا موبائل کا کیمرہ آن رکھنا ہے اور جہاں کوئی گڑبڑ پیدا ہو وہاں کی لائیو اسٹریمنگ کرنی ہے۔
دھرو راٹھی نے کاکروچ جنتا پارٹی کے احتجاج میں شرکت کرنے والوں سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس میں اپنے والدین کو بھی ساتھ لے کر پہنچیں تاکہ وہ سمجھ سکیں کہ بھارت کا سسٹم کتنا کرپٹ ہوچکا ہے۔
واضح رہے کہ کاکروچ جنتا پارٹی کا آغاز دراصل گزشتہ ماہ بھارتی عدالت عظمیٰ کے چیف جسٹس سوریا کانت کے ایک ریمارکس کے بعد طنزیہ طور پر ہوا تھا جس میں مبینہ طور پر کچھ افراد کو کاکروچ اور طفیلیا کہا گیا تھا، جو اب ایک بڑی نوجوانوں کی تحریک بن چکی ہے۔
کئی معروف شخصیات نے بھی ابھیجیت دیپکے کی اس مہم کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔













