گھر کی صفائی ستھرائی کے لیے روبوٹ لانچ کردیا گیا
اب آپ کو کام کاج سے تھک کر گھر آنے کے بعد بستر ٹھیک کرنے، کپڑے سمیٹنے یا کھلونا اٹھانے کی فکر نہیں کرنی پڑے گی۔ امریکہ کی ایک نئی کمپنی ویو روبوٹکس نے ایک ایسا روبوٹ بنایا ہے جو آپ کی غیر موجودگی میں گھر کے یہ سارے کام خود بخود کر دے گا۔
اس روبوٹ کا نام آئزک ون رکھا گیا ہے اور کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ خاص طور پر گھروں کے لیے تیار کیا گیا ہے۔
سان فرانسسکو میں قائم ویو روبوٹکس نے اس روبوٹ کی پری آرڈر بکنگ بھی شروع کر دی ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ ایزک 1 کو خاص طور پر گھروں میں استعمال کے لیے تیار کیا گیا ہے، جبکہ زیادہ تر جدید روبوٹس فیکٹریوں اور گوداموں میں کام کرنے کے لیے بنائے جا رہے ہیں۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ اس کا مقصد لوگوں کو روزمرہ کے ان کاموں سے نجات دلانا ہے جن سے وہ اکتا جاتے ہیں، جیسے کہ کپڑے تہہ کرنا اور چیزیں سمیٹنا۔
کمپنی کے مطابق ایزک 1 اس کے پہلے ماڈل ”ایزک 0“ کا جدید ورژن ہے۔ ایزک 0 صرف کپڑے تہہ کرنے کے لیے بنایا گیا تھا اور کمپنی کے دعوے کے مطابق یہ کیلیفورنیا میں صارفین کے پاس 2 ہزار گھنٹوں سے زیادہ کام کر چکا ہے اور ہر ہفتے ایک ہزار پاؤنڈ سے زائد کپڑے تہہ کرتا ہے۔
ویو روبوٹکس کا کہنا ہے، “ایزک 1 گھر میں خود سے گھوم پھر سکتا ہے اور ایک کمرے سے دوسرے کمرے میں جا کر کام کرتا ہے۔ اس میں دو خاص خوبیاں ہیں جنہیں لانڈری فلو اور ڈیلی ری سیٹ کا نام دیا گیا ہے۔
لانڈری فلو کے ذریعے یہ روبوٹ گندے کپڑے ڈھونڈ کر اٹھاتا ہے، انہیں ٹوکری میں ڈال کر لاتا ہے اور صاف ہونے کے بعد انہیں اچھے طریقے سے تہہ کر کے اپنی جگہ پر رکھ دیتا ہے۔
دوسری طرف ڈیلی ری سیٹ کے ذریعے یہ بستر درست کرتا ہے، تکیے اور کمبل سلیقے سے رکھتا ہے اور فرش پر بکھرے ہوئے کھلونے یا جوتے اٹھا کر ان کی اصل جگہ پر پہنچا دیتا ہے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ آئزک ون زیادہ تر کام خود ہی کر لیتا ہے اور اسے ہر وقت دیکھنے کی ضرورت نہیں ہوتی۔ اگر کبھی روبوٹ کسی ایسی مشکل میں پھنس جائے جو اس کی سمجھ سے باہر ہو، تو کمپنی کے ماہرین دور بیٹھ کر انٹرنیٹ کے ذریعے اسے چلا سکتے ہیں تاکہ کام ادھورا نہ رہے۔
گھر کے مالک اپنے موبائل فون کی ایپ کے ذریعے روبوٹ کو کام کا کہہ سکتے ہیں، چاہے وہ گھر پر ہوں یا گھر سے باہر کسی کام سے گئے ہوئے ہوں ایپ کے ذریعے مختلف کاموں کا وقت مقرر کر سکتے ہیں یا فوری طور پر کسی کام کا حکم دے سکتے ہیں۔
یہ روبوٹ دیکھنے میں نیچے سے پہیوں والا ہے اور اس کے دو ہاتھ ہیں۔ اس کا قد چھوٹا بڑا ہو سکتا ہے، یعنی یہ تین فٹ سے لے کر پونے چھ فٹ تک اونچا ہو سکتا ہے تاکہ اونچی الماریوں یا بستر تک آسانی سے پہنچ سکے۔ اس کے اوپر نرم کپڑے کا غلاف چڑھایا گیا ہے تاکہ گھر میں کسی چیز یا انسان سے ٹکرانے پر نقصان نہ ہو۔
یہ پانچ مختلف رنگوں میں دستیاب ہے تاکہ گھر کے فرنیچر کے ساتھ اچھا لگے۔ اس کی بیٹری آٹھ گھنٹے تک چلتی ہے اور یہ دو گھنٹے میں دوبارہ چارج ہو جاتا ہے۔
اس روبوٹ کی قیمت تقریباً آٹھ ہزار امریکی ڈالر رکھی گئی ہے۔ جو لوگ اتنے پیسے ایک ساتھ نہیں دے سکتے، وہ 449 ڈالر ماہانہ سبسکرپشن کے ذریعے بھی اسے حاصل کر سکتے ہیں۔
کمپنی کے مطابق یہ روبوٹ رواں سال کے آخر تک کیلی فورنیا کے لوگوں کو ملنا شروع ہو جائے گا جبکہ اگلے سال سے یہ پورے امریکا میں ہر جگہ دستیاب ہوگا۔
















