امریکا کبھی کسی کے سامنے نہیں جھکا، نہ جھکے گا: صدر ٹرمپ

امریکا ہمیشہ امن کا خواہاں رہا، اگر اس کی سلامتی یا مفادات کو خطرہ ہوا تو بھرپورجواب دیں گے، 250ویں یومِ آزادی کی تقریب سے خطاب
شائع

امریکا کے 250ویں یومِ آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا کبھی کسی کے سامنے نہیں جھکا اور نہ ہی آئندہ جھکے گا۔ انہوں نے کہا کہ امریکا امن پسند ملک ہے، تاہم اپنی سلامتی کو درپیش کسی بھی خطرے کو برداشت نہیں کرے گا۔

امریکا کے 250ویں یومِ آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکا ہمیشہ امن کا خواہاں رہا ہے، لیکن اگر اس کی سلامتی یا مفادات کو خطرہ لاحق ہوا تو بھرپور جواب دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ امریکا دنیا کا طاقتور ترین اور ترقی یافتہ ملک ہے، جبکہ کسی بھی دوسرے ملک نے امریکا سے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکا نے ہمیشہ اپنے ہمسایہ ممالک اور اتحادیوں کی مشکل گھڑی میں مدد کی ہے۔

صدر ٹرمپ نے ایران کا ذکر کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ امریکا نے طاقتور ترین حملے کے ذریعے ایران کو ناکامی سے دوچار کیا، جبکہ وینزویلا کے حوالے سے بھی انہوں نے کہا کہ امریکا نے ایک ہی دن میں اسے شکست دی۔

انہوں نے ملکی سیاست پر بات کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ مڈٹرم انتخابات میں ری پبلکن پارٹی کامیابی حاصل کرے گی، خواہ مخالفین اسے تسلیم کریں یا نہ کریں۔

ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکا کو درپیش اصل مسئلہ ٹیکس یا ضوابط نہیں بلکہ کمیونزم ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اگر ”سیو امریکا ایکٹ“ منظور ہو گیا تو ری پبلکن پارٹی آئندہ سو برس تک انتخابات نہیں ہارے گی۔

صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ امریکا کی قومی کامیابیاں پوری دنیا کے لیے مثال بن چکی ہیں اور ملک کے پاس دنیا کا سب سے منصفانہ اور پائیدار آئینی نظام موجود ہے۔

انہوں نے اپنے خطاب کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا کہ امریکا اپنی طاقت، ترقی اور عالمی قیادت کو ہر قیمت پر برقرار رکھے گا۔