ہوٹل کے باہر شور شرابہ؛ میکسیکن فینز کی انگلش کھلاڑیوں کی نیند خراب کرنے کی کوشش

ایکواڈور نے بھی میچ سے قبل میکسیکو کے فینز کی جانب سے رات بھر شور شرابے کی شکایت کی تھی
شائع 05 جولائ 2026 09:17pm

فیفا ورلڈ کپ کے پری کوارٹر فائنل میں میکسیکو اور انگلینڈ کے درمیان اہم مقابلے سے قبل میکسیکو کے شائقین کو مستی سوجھ پڑی۔ میکسیکن شائقین نے رات گئے انگلش ٹیم کے ہوٹل کے باہر کھلاڑیوں کی نیند متاثر کرنے کی بھرپور کوشش کی، تاہم پولیس نے فوری مداخلت کرتے ہوئے انہیں ہوٹل سے دور جانے پر مجبور کر دیا۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی بی کے مطابق فیفا ورلڈ کپ کے راؤنڈ آف 16 میں میکسیکو کے خلاف اپم مقابلے سے قبل انگلینڈ کی ٹیم میکسیکو سٹی کے ایک ہوٹل میں ٹھہری ہوئی ہے۔

میکسیکو کے شائقین کو اس کا علم ہو تو سینکڑوں میکسیکن فینز جمع ہوٹل کے باہر جمع ہوگئے اور رات بھر پٹاخے، آتش بازی، لاؤڈ اسپیکر اور ڈرم بجا کر شور شرابہ کے ذریعے انگلش کھلاڑیوں کی نیند خراب کرنے کی پوری کوشش کی۔

سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیوز میں میکسیکو سٹی میں انگلش ٹیم کے ہوٹل کے قریب جمع شائقین کو نعرے اور بلند آواز میں موسیقی چلاتے دیکھا جاسکتا ہے، ساتھ ہی بھرپور آتش بازی بھی کی جارہی ہے۔

بی بی بی کے مطابق فینز کی جانب سے ان تمام سرگرمیوں کا انگلینڈ کے کھلاڑیوں پر کوئی نمایاں اثر نہیں پڑا۔ ٹیم آفیشلنز کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں نے ان سرگرمیوں پر دھیان نہیں دیا اور معمول کے مطابق تیاری کی ہے۔

ورلڈکپ کے شریک میزبان ملک میسیکو میں انگلش ٹیم کے ہوٹل کے اطراف سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے ہیں اور میکسیکو کے فینز کو ہوٹل سے دور رکھنے کے لیے خصوصی دستے مسلسل تعینات ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے ایکواڈور اور میکسیکو کے درمیان ناک آؤٹ مرحلے کے میچ سے قبل ایکواڈور نے فیفا سے کھلاڑیوں کی نیند میں خلل ڈالنے کی شکایت کی تھی۔ ایکواڈور کے مطابق میکسیکو کے بعض شائقین لاؤڈ اسپیکرز، موٹرسائیکلوں اور گاڑیوں کے ہارن کے ذریعے ہوٹل کے باہر شور مچاتے رہے۔

یہی وجہ ہے کہ میسکیکن حکام نے انگلش ٹیم کے میچ سے قبل ان کے ہوٹل کے باہر خصوصی سیکیورٹی تعینات کر رکھی ہے۔

رپورٹس کے مطابق انگلش انتظامیہ نے ہوٹل کا مقام خفیہ رکھنے کی بھی کوشش کی تھی، تاہم انگلینڈ کے ہیڈ کوچ کی ہوٹل آمد کے وقت وہاں پہلے ہی سینکڑوں شائقین موجود تھے۔

واضح رہے کہ فیفا ورلڈکپ 2026 کے شریک میزبان ملک میکسیکو اور انگلینڈ کے درمیان پری کوارٹر فائنل کا میچ پیر کی صبح 5 بجے کھیلا جائے گا۔

اتوار کے روز انگلینڈ کی ٹیم جب تربیتی سیشن کے لیے ہوٹل سے روانہ ہوئی تو انہیں سخت سیکیورٹی حصار میں اسٹیڈیم لایا گیا۔ اس دوران ہوٹل کے باہر موجود شائقین کی جانب سے ٹیم کا خیرمقدم بھی کیا گیا جب کہ بعض افراد اس وقت بھی نعرے بازی اور ہوٹنگ کے ذریعے کھلاڑیوں کو پریشان کرتے دکھائی دیے۔

انگلینڈ کے ہیڈ کوچ تھامس ٹوخیل نے ان تمام واقعات کے باوجود انتظامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ میکسیکو میں انہیں توقع سے زیادہ بہتر ماحول دیکھنے کو ملا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مقامی شائقین مجموعی طور پر دوستانہ اور مہمان ٹیموں کا احترام کرتے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق فیفا نے خطے میں طوفانی بارشوں کی پیش گوئی کے باعث میکسیکو اور انگلینڈ کے میچ کا وقت تبدیل کرنے پر بھی غور کیا تھا تاہم مشاورت کے بعد میچ اپنے مقررہ وقت پر کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔