لاہور: دو ڈکیت پولیس اہلکار گرفتار، ایک فرار

اہلکار ناکہ لگا کر شہریوں کو ڈرا دھمکا کر اسلحے کے زور پر لوٹ رہے تھے: پولیس ذرائع
شائع 19 جولائ 2026 10:24am

لاہور میں شہریوں کو مبینہ طور پر اسلحے کے زور پر لوٹنے والے تین پولیس اہلکاروں کے گروہ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے دو اہلکاروں کو گرفتار کر لیا گیا، جبکہ ایک اہلکار فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

پولیس کے مطابق واقعہ تھانہ کاہنہ کی حدود میں خیابانِ امین سوسائٹی کے قریب پیش آیا، جہاں تینوں اہلکاروں نے مبینہ طور پر ناکہ لگا رکھا تھا اور شہریوں کو ڈرا دھمکا کر اسلحے کے زور پر لوٹ رہے تھے۔

ذرائع کے مطابق اطلاع ملنے پر پٹرولنگ پولیس نے فوری کارروائی کی۔ پولیس کو دیکھتے ہی اہلکار سجاد موقع سے فرار ہوگیا، جبکہ دیگر دو اہلکار علی حسن اور کبیر علی کو گرفتار کر لیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار اہلکار علی حسن تھانہ سندر جبکہ کبیر علی تھانہ گارڈن ٹاؤن میں کانسٹیبل کے طور پر تعینات ہیں۔

فرار ہونے والا اہلکار سجاد بھی پولیس میں کانسٹیبل ہے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق تینوں اہلکاروں نے مبینہ طور پر ایک گروہ بنا رکھا تھا اور شہریوں سے لوٹ مار کی وارداتوں میں ملوث تھے۔

پولیس کے مطابق گرفتار دونوں اہلکاروں کو تھانے منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں ان سے مزید تفتیش جاری ہے، جبکہ تینوں اہلکاروں کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ فرار ہونے والے اہلکار سجاد کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں اور اسے جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔

حکام کے مطابق واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ ملزمان اس نوعیت کی کتنی وارداتوں میں ملوث رہے ہیں اور آیا ان کے ساتھ کوئی اور افراد بھی شامل تھے یا نہیں۔