پاکستان میں سونے کی قیمت میں زبردست کمی، فی تولہ کتنے کا ہوگیا؟

سونے کے شوقین افراد کے لیے اچھی خبر آگئی کیوں کہ سونا مزید سستا ہوگیا ہے۔
شائع 23 جولائ 2026 04:36pm

پاکستان میں کاروباری ہفتے کے چوتھے روز سونے قیمت میں بڑی کمی ہوئی ہے، فی تولہ سونا 1800 روپے جب کہ 10 گرام سونا 1543 روپے سستا ہوگیا ہے۔

عالمی اور مقامی صرافہ مارکیٹوں میں 4 روز کے وقفے کے بعد سونے اور چاندی کی قیمتوں میں کمی دیکھنے میں آرہی ہے۔ بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 18 ڈالر کی کمی سے 4 ہزار 096 ڈالر کی سطح پر آگئی ہے۔

آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق جمعرات کو 24 قیراط کے حامل فی تولہ سونے کی قیمت 1800 روپے کمی کے بعد 4 لاکھ 32 ہزار 036 روپے ہو گئی ہے۔

اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں 1543 روپے کی کمی ہوئی ہے، جس کے بعد 10 گرام سونے کی نئی قیمت 3 لاکھ 70 ہزار 401 روپے کی سطح پر پہنچ گئی ہے۔

دریں اثنا عالمی مارکیٹ میں فی اونس چاندی کی قیمت 33 سینٹس کی کمی سے 58 ڈالر 91 سینٹس کی سطح پر آنے کے نتیجے میں مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بھی فی تولہ چاندی کی قیمت 33 روپے کی کمی سے 6 ہزار 370 روپے اور 10 گرام چاندی کی قیمت 28 روپے کی کمی سے 5 ہزار 461 روپے کی سطح پر آگئی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی سونے کی فی تولہ قیمت میں 4 ہزار 600 روپے کا اضافہ ہوا تھا، جس کے بعد سونے کی فی تولہ قیمت 4 لاکھ 33 ہزار 836 روپے ہوگئی تھی، اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی 3 ہزار 944 روپے کا اضافہ ہوا تھا، جس کے بعد 10 گرام سونے کی قیمت بڑھ کر 3 لاکھ 71 ہزار 944 روپے تک پہنچ گئی تھی۔

اسی طرح گزشتہ روز چاندی کی قیمت میں بھی معمولی اضافہ ہوا تھا اور فی تولہ چاندی 7 روپے مہنگی ہو کر 6 ہزار 403 روپے جب کہ 10 گرام چاندی کی قیمت 6 روپے کے اضافے کے بعد 5 ہزار 489 روپے کی سطح پر پہنچ گئی تھی۔

واضح رہے کہ سونا خریدنا روایتی طور پر محفوظ سرمایہ کاری سمجھا جاتا ہے جس کی قیمت افراط زر، سیاسی اور معاشی عدم استحکام کے اوقات میں بڑھ جاتی ہے، اسے صدیوں سے کرنسی اور دولت کی شکل کے طور پر استعمال کیا جاتا رہا ہے۔ جب سرمایہ کار دوسرے اثاثوں کے بارے میں غیر یقینی محسوس کرتے ہیں، تو وہ اکثر سونا خریدے ہیں۔

پاکستان میں گزشتہ برس سونے کی قیمت کے تعین کے طریقہ کار میں تبدیلی کردی گئی تھی، جس کے تحت سونے کی قیمت انٹرنیشنل مارکیٹ ریٹ سے 20 ڈالر فی اونس زیادہ مقرر کی گئی۔