قومی اسمبلی کے حلقہ258 پر ضمنی انتخاب 24 نومبر کو ہوگا

اپ ڈیٹ 21 نومبر 2016 10:34am
 فائل فوٹو فائل فوٹو

اسلام آباد:قومی اسمبلی کے حلقہ 258 پر ضمنی انتخاب 24 نومبر کو ہوگا، 2013 میں کامیابی  حاصل کرنے والی نواز لیگ ضمنی انتخاب میں حصہ نہیں لے رہی۔

این اے 258 کی نشست نواز لیگ کے رکن حکیم بلوچ کے استعفے کے باعث خالی ہوئی ہے جنہوں نے پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی ہے۔

 حلقے میں مجموعی طور پر 4 لاکھ سے زائد رجسٹرڈ ووٹرز ہیں جن کیلئے 900 پولنگ بوتھ پر مشتمل 287 پولنگ اسٹیشن قائم کئے جائیں گے، 68 پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس اور 209 کو حساس قرار دیا گیا ہے۔

پیپلز پارٹی کی جانب سے حکیم بلوچ امیدوار ہیں جبکہ تحریک انصاف، ایم کیو ایم، جمعت علما اسلام اور اہلسنت والجماعت سمیت دیگر 13 امیدوار بھی ضمنی انتخاب میں حصہ لے رہے ہیں لیکن نواز لیگ نے امیداور کھڑا نہیں کیا۔

سیکیورٹی کیلئے صوبائی الیکشن کمیشن کی درخواست پر رینجرز کی تعیناتی کیلئے وزارت داخلہ کو خط ارسال کردیا گیا ہے رینجرز اہلکار پولنگ اسٹیشن کے اندر اور باہر تعینات ہوں گے۔

حلقہ 258 دو ہزار دو کے عام انتخابات سے قبل قائم کیا گیا تھا، 2 مرتبہ پیپلز پارٹی اور 2013 کے انتخابات میں نواز لیگ کامیاب قرار پائی تھی لیکن حکیم بلوچ کی کامیابی کو پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف نے الیکشن ٹریبونل میں چیلنج کیا ، فیصلہ حکیم بلوچ کے خلاف آیا تھا مگر فیصلے کے خلاف اپیل سپریم کورٹ میں زیر التوا ہے۔