سندھ : غلام قادر تھیبو کو پولیس سربراہ مقرر کیے جانے کا امکان

شائع 25 نومبر 2016 04:27pm
File Photo File Photo

کراچی :سندھ حکومت نے پولیس کی کمانڈ میں اہم تبدیلوں کا فیصلہ کرلیا۔ غلام قادر تھیبو کو سندھ پولیس کا سربراہ مقرر کئے جانے کا امکان ہے۔ آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ چھٹی پر چلے گئے ہیں۔

سپریم کورٹ کے حکم پر بدعنوانی کے الزامات کے تحت غلام حیدر جمالی کی برطرفی کے بعد سندھ حکومت نے اے ڈی خواجہ کو رواں برس مارچ میں آئی جی تعینات کیا تھاتاہم اب حکومت سندھ نے اے ڈی خواجہ سمیت کئی سینئر پولیس افسران کی مرحلہ وار تبدیلی کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق آئی جی سندھ کی تبدیلی کا فیصلہ پی پی پی کے شریک چیئرمین آصف زرداری کی وزیر اعلٰی سندھ سے دبئی میں ہونے والی ملاقات میں کیا گیا ہے۔ چیئرمین اینٹی کرپشن غلام قادر تھیبوپولیس کی سربراہی کے مضبوط امیدوار ہیں۔

غلام قادر تھیبو پولیس گروپ کے افسر ہیں جوبطور کراچی پولیس چیف خدمات سرانجام دے چکے ہیں جبکہ ایڈیشنل آئی جی کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ ڈاکٹر ثنااللہ عباسی اور سینئر پولیس افسر سردار عبدالمجید دستی کی بھی تعیناتیاں متوقع ہیں۔

ذرائع کے مطابق آئی جی سندھ کو بھی تبادلے کے فیصلے سے آگاہ کردیا گیا ہے۔ جس کے بعد وہ چھٹی پر چلے گئے ہیں۔