پاکستان پرامن ہمسائیگی پریقین رکھتا ہے، وزیراعظم نوازشریف

شائع 26 نومبر 2016 07:51am
خطے کے ممالک کو آپس میں ملانے کیلئے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا،نواز شریف - فائل فوٹو خطے کے ممالک کو آپس میں ملانے کیلئے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا،نواز شریف - فائل فوٹو

اشک آباد:وزیراعظم نوازشریف کہتے ہیں پاکستان پرامن ہمسائیگی پریقین رکھتا ہے، خطے کے ممالک کو آپس میں ملانے کیلئے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔

وزیراعظم نوازشریف ترکمانستان کے 2روزہ دورے پرہیں، جہاں وہ پائیدارٹرا نسپورٹ پرہونے والی گلوبل کانفرنس میں پاکستانی وفد کی قیادت کررہے ہیں۔

کانفرنس میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پُرامن پڑوس پاکستان کی پالیسی کا اہم حصہ ہے، خطے میں امن، سیکیورٹی اور خوشحالی کیلئے پرُامید ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبہ جنوبی ایشیا، چین، سینٹرل ایشیا اور مڈل ایسٹ کو ملا دے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان سینٹرل ایشیا کے گیٹ وے کا کردار ادا کرسکتا ہے، ایشین ہائی وے نیٹورک کے حوالے سے بھی پاکستان کی اہمیت ہے، پاکستان ریلوے نے اپنی سرزمین سے گزرنے والی ریلوے ٹریفک کے حوالے سے بھی کئی اقدامات کئے ہیں،یہ اقدامات سینٹرل ایشین ممالک کیلئے سود مند ہوں گے۔

وزیراعظم نوازشریف نے پائیدار گلوبل ٹرانسپورٹ کانفرنس کے انعقاد پر بان کی مون اور ترکمانستان کے صدر کو مبارکبارباد پیش کی۔