کراچی میں حلقہ این اے258میں ضمنی انتخاب کیلئے پولنگ جاری

اپ ڈیٹ 28 نومبر 2016 08:22am
فائل فوٹو فائل فوٹو

کراچی:کراچی میں قومی اسمبلی کے حلقے این اے 258میں ضمنی انتخاب کیلئے پولنگ کاعمل جاری ہے۔

گڈاپ، سرجانی اورملحقہ دیہی علاقوں پر مشتمل کراچی میں قومی اسمبلی کے حلقے این اے 258 میں پولنگ کا عمل سست رفتار سے جاری ہے۔

سابق نون لیگی ممبر قومی اسمبلی عبد الحکیم بلوچ کی جانب پارٹی کو خیر باد کہہ کر پیپلز پارٹی میں شمولیت کے بعد اب عبدالحکیم بلوچ اسی حلقے سے پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار ہیں،حلقے میں انتخاب کیلئے 18 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔

 ایم کیو ایم اور اہلسنت والجماعت کی جانب سے انتخابات کا بائیکاٹ کیا گیا ہے جبکہ نون لیگ ضمنی انتخاب میں حصہ ہی نہیں لے رہی۔

 این اے 258 رقبے اور ووٹرز کی تعداد کے اعتبار سے صوبے کا سب سے بڑا حلقہ ہے،جہاں 4 لاکھ سے زائد رجسٹرڈ ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے ۔

 پولنگ کیلئے 287 پولنگ اسٹیشنز قائم ہیں جن میں نو سو پولنگ بوتھ بنائے گئے ہیں، 2002 کے انتخابات سے قبل یہ حلقہ بنایا گیا تھا، 2002 اور 2008 کے انتخابات میں یہ نشست پیپلز پارٹی کے حصے میں آئی 2013 میں پی ایم ایل نون کے ٹکٹ پر انتخابی معرکہ عبدالحکیم بلوچ کے ہاتھ رہا۔