ن لیگ کی حکومت کو لانگ مارچ کی دھمکی

شائع 27 دسمبر 2016 02:09pm
File Photo File Photo

اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے ن لیگ کی حکومت کو لانگ مارچ کی دھمکی دے دی۔

پی پی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے والدہ کی برسی پر دھواں دار خطاب کیا۔ انہوں نے چار مطالبات کی منظوری کیلئے ملک بھر میں جلسے کرنے کا اعلان کرتے ہوئے عوام سے سیاسی لانگ مارچ کی تیاری کرنے کی اپیل کی ہے۔ بلاول کا کہنا تھا کہ اب تخت رائیونڈ کا قبضہ چھڑوائیں گے۔

بلاول بھٹو نے اپنی تقریر میں وزیراعظم کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ۔ انہوں نے نواز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپکا بھائی دہشت گردوں سے اپیلیں کرے کہ ہمیں نہ مارو ہم آپکے ساتھی ہیں اور میں چپ رہوں۔

بلاول کا کہنا تھا کہ آپ کے وزرا دہشت گردوں کی مدد کریں اور میں چپ رہوں۔ آپ سی پیک کو متنازع بنا دیں اور میں چپ رہوں؟نہیں میاں صاحب میں چپ نہیں رہوں گا۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے اپنی تقریر میں وزیراعظم نواز شریف کو پاناما شریف قرار دے دیا۔ بلاول نے وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میاں صاحب آپ نے کہا ہماری حکومت کا کوئی اسکینڈل نہیں ہے۔ آپ واقعی اتنا سادہ ہیں یا  بیس کروڑ عوام کو سادہ سمجھتے ہیں۔ آپ کے تو اسکینڈل ہی اسکینڈل ہیں.۔

بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ حکومت عوام کے بجائے دہشت گردوں کو تحفظ دے رہی ہے ۔ کوئٹہ کمیشن کی رپورٹ نے ہمارا موقف درست ثابت کردیا ۔ بلاول نے ایک بار پھر وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کو آڑے ہاتھوں لیا ۔ انہوں نے کہا کہ وزیرداخلہ غلطیاں ماننے کے بجائے کھلے عام دھمکیاں دے رہے ہیں۔