نوازشریف نے پھر2018 میں لوڈشیڈنگ ختم کرنے کی نوید سنا دی

اپ ڈیٹ 28 دسمبر 2016 11:19am
فائل فوٹو فائل فوٹو

میانوالی: وزیراعظم نوازشریف نے ایک بار پھر 2018 میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خاتمے کی نوید سنا دی۔

بدھ کو چشمہ پاورپلانٹ تھری کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ لوڈشیڈنگ کے خاتمے کےسفرکا آج ایک اور سنگ میل عبور کرلیا۔

'بجلی کی لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ترجیحات میں سرفہرست ہے اور 2018 تک بجلی کی لوڈشیڈنگ ختم کردی جائےگی'۔

انہوں نے توقع ظاہر کی کہ چشمہ فور مقررہ وقت سے پہلےبجلی کی پیداوار شروع کردے گا اور چشمہ پاور پلانٹس ملک میں سستی بجلی مہیا کررہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ سی پیک سے ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی۔ 'تنقید کرنےوالے تنقید چھوڑ کرملکی ترقی میں ساتھ دیں'۔

نوازشریف نے کہا کہ ملک میں دہشت گردی میں کمی آئی ہے۔

'ترقیاتی کاموں سے بیروزگاری کےساتھ ساتھ دہشت گردی میں بھی کمی آئے گی'۔

انہوں نے کہا کہ سڑکیں بننے سے تمام صوبے ایک دوسرے کےقریب آجائیں گے۔

وزیراعظم نوازشریف نے اس موقع پرچشمہ کےتمام ملازمین کو دوہ ماہ کا بونس دینے کا اعلان کرتے ہوئے ملازمین اور ان کے اہلخانہ کی صحت یابی کیلئے دعا بھی کی۔