وائرس پھیلنے کے پیش نظر چین سے آنے والوں کا اسلام آباد ایئر پورٹ پر طبی معائنہ کیا جائیگا

شائع 22 جنوری 2020 05:01pm

 ‏چین میں پھیلنے والے وائرس سے اردگرد کے ممالک کو بھی متاثر ہونے کا ‏خطرہ پیدا ہوگیا۔منسٹری آف نیشنل ہیلتھ سروسز کی جانب سے ہدایت نامہ جاری کردیا گیا۔

منسٹری آف نیشنل ہیلتھ  کی جانب سے جاری ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ چین ‏سے پاکستان آنے جانے لاکھوں افراد کے ذریعے وائرس کی منتقلی کا خدشہ ‏ہے۔چین سے پاکستان آنے جانے والوں کا طبی معائنہ کیا جائے گا۔ اسلام آباد ‏ایئرپورٹ پر کرونا وائرس کےلئے اسکریننگ ڈیسک قائم کردیے گئے۔

چین میں کرونا وائرس مچھلی، گوشت منڈی والوں کو لاحق ہوا۔بخار، کھانسی، ‏سانس لینے میں دشواری وائرس کی علامات ہیں۔وائرس متاثرہ جانور یا حاصل ‏شدہ غذا سے انسان کو منتقل ہوتا اور پھیپھڑوں کو شدید متاثر کرتا ہے ۔

دنیا میں ‏کرونا وائرس کی ویکسین تاحال دستیاب نہیں۔ وائرس سے بچاؤ کا واحد حل ‏بروقت احتیاطی تدابیر ہیں۔

ایئرپورٹ پر قائم اسکریننگ ڈیسک کے ساتھ ماہر ڈاکٹرز بھی موجود ہیں۔وائرس ‏کی تشخیص ہونے پر متاثرہ مریض کو پمز اسپتال منتقل کیا جاتا ہے۔