شہریوں کو سہولیات کی فراہمی میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی،وزیراعظم

اپ ڈیٹ 18 فروری 2020 01:20pm
وزیر اعظم عمران خان- فائل فوٹو

اسلام آباد:وزیراعظم نے کہا کہ شہریوں کو صحت کی سہولیات کی فراہمی میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت اسلام آباد میں  صحت ، تعلیم اور دیگر شہری سہولیات کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا،جس میں وفاقی وزرا شفقت محمود،  اعجاز احمد شاہ،  اسد عمر، معاون خصوصی علی نواز اعوان اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں حکومت کو وزارتوں کی جانب سے اٹھائے گے اقدمات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

 وزیرِ اعظم نے  صحت کی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے  شکایات کا سخت نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو صحت کی سہولیات میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

عمران خان نے سرکاری اسپتالوں کی انتظامیہ کو فعال بنانے، مراکز صحت میں افرادی قوت کی کمی کو پورا کرنے، سہولیات اورادویات کی فراہمی پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی۔

 وزیرِ اعظم نے تعلیم کی معیاری سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے تمام مطلوبہ وسائل فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم کو ایمرجنسی سمجھتے ہوئےا سکولوں میں اساتذہ کی کمی کو پورا کرنے کو یقینی بنایا جائے۔

وزیراعظم عمران خان نے وفاقی دارالحکومت کو  ماڈل شہر بنانے کےلیے پولیس کی ضروریات کا جائزہ لے کر اقدامات اٹھانے کی ہدایت کر دی۔

امن وامان کی صورتحال اور اسلام آباد پولیس سروسز کی بہتری پر بات کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ ہر تھانے میں کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم کے قیام کو یقینی بنایا جائے تاکہ نظام کو مزید بہتر بنایا جاسکے۔