'عمران خان کے علاوہ سب سے رابطے ہیں'

شائع 19 فروری 2020 02:10pm
فائل فوٹو

 مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما رانا ثناء اللہ کہتے ہیں شہباز شریف مارچ میں وطن آئیں گے۔ ن لیگ، پیپلز پارٹی اور مولانا فضل الرحمان سے ملکر عوام کو موجودہ حکومت سے نجات دلائےگی۔

 نیب لاہور میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ انہیں  جب بھی کسی ادارے یا عدالت نے بلایا ہے تو وہ حاضر ہوئے ہیں۔ آج بھی نیب کو بتا دیا ہے کہ ان کے اور ان کی فیملی کے اثاثے اے این ایف نے منجمد کر رکھے ہیں،  جیسے جیسے ریکارڈ ملے گا نیب میں پیش کر دیا جائے گا۔

 رانا ثناء اللہ نے کہا کہ عمران خان کےعلاوہ سب سے رابطے ہیں۔ ن لیگ کی ذمہ داری ہے کہ پی پی پی اور مولانا فضل الرحمان ایک جگہ بیٹھیں اور نالائق حکومت سے عوام کی  جان چھڑوائی جائے۔ مولانا فضل الرحمان کے تمام گلے دور  کئے جائیں گے۔

 مریم نواز کی بیرون ملک روانگی کے حوالے سے رانا ثناءاللہ کا کہنا تھا کہ پابندی صرف  مریم نواز پر کیوں لگائی گئی ہے؟ ان کے والد کا علاج ہورہا ہے ان کو اپنے والد کے پاس جانے دینا چاہیئے۔