Aaj News

بدھ, اپريل 24, 2024  
15 Shawwal 1445  

فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ: اکبر ایس بابر کا عمران خان سے استعفے کا مطالبہ

وقت آگیا ہے تحریک انصاف میں رجیم چینج ہو، اکبر ایس بابر
شائع 02 اگست 2022 11:27am
Imran Khan istefa dain aur apnay ghar jayein: Akbar S. Babar | Aaj News

ممنوعہ فنڈنگ کیس کے درخواست گزار اور پاکستان تحریک انصاف کے بانی رہنما اکبر ایس بابر نے الیکشن کمیشن کا فیصلہ آنے کے بعد عمران خان سے فوری استعفے کا مطالبہ کردیا ہے۔

الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اکبر ایس بابر نے کہا کہ یہ کیس چشم کُشا ہے، آزاد الیکشن کمیشن نے فرد جرم عائد کردی ہے اور پی ٹی آئی کو شوکاز نوٹس دے دیا ہے، تمام الزامات ثابت ہوچکے ہیں، اس لیے سمجھتا ہوں کہ وقت آگیا ہے تحریک انصاف میں رجیم چینج ہو۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد عمران خان کو استعفا دے کر جماعت اس کے نظریاتی کارکنان کے حوالے کرنا چاہیے۔

اکبر ایس بابر نے الیکشن کمیشن سے دیگر جماعتوں کی فنڈنگ کا فیصلہ بھی جلد سنانے کا مطالبہ کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ آج فیصلےمیں میرے تمام الزامات تسلیم کئے گئے، اس کیس میں میرا کوئی ذاتی مفاد نہیں تھا، ملکی سیاست میں بنیادی تبدیلی کی ضرورت تھی۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے ممنوعہ فنڈنگ کی تصدیق کی۔

اکبر ایس بابر نے اگلا لائحہ عمل بتاتے ہوئے کہا کہ اب تک قانونی جنگ لڑی، اب سیاسی جنگ لڑوں گا، پی ٹی آئی کو کرپشن سے پاک کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ فنانشل ٹائمز نے ابراج گروپ سے فنڈنگ کی تصدیق کی، آج الیکشن کمیشن نے فرد جرم عائد کردی۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کا عارف نقوی سے متعلق بیان جھوٹا تھا، غیرملکی کمپنیز اور شہریوں سے فنڈز لینا غیر قانونی ہے۔

فیصلے سے قبل الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو میں اکبر ایس بابر کا کہنا تھا کہ یہ حق و باطل کی جنگ ہے اور اس میں جیت سچائی کی ہوگی، فیصلہ جو بھی آئے ہم سپریم کورٹ میں بھی جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ میری نظر میں عمران خان آؤٹ ہے، اب یہ طے کرنا باقی ہے کہ وہ کلین بولڈ ہیں یا سلپ پر آؤٹ ہوئے۔

اکبر ایس بابرکا کہنا تھا کہ پوری توقع ہے کہ فیصلہ میرے حق میں آئے گا، 8 سال پہلے دو رکعت نفل پڑھے تھے اور آج بھی دو رکعت نفل پڑھ کر نکلا ہوں، اللہ سے انصاف کی دعا کی ہے۔

انہوں نے مزید کہا تھا کہ اس کیس میں یہاں تک پہنچنا بھی بہت بڑی بات ہے، میں آخری وقت تک لڑوں گا اور فتح پاکستان کی ہوگی۔

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div