Aaj News

اتوار, اپريل 28, 2024  
20 Shawwal 1445  

بھارت اور اسرائیل کے کہنے پر آئینی اداروں کیخلاف سازشیں ہو رہی ہیں، شرجیل میمن

عارف علوی صدر کم اور ٹائیگر فورس کے رکن زیادہ لگتے ہیں، صوبائی وزیر
شائع 11 اپريل 2023 08:31pm
صوبائی وزیر اطلاعات اور رہنما پیپلز پارٹی شرجیل انعام میمن۔ فوٹو — فائل
صوبائی وزیر اطلاعات اور رہنما پیپلز پارٹی شرجیل انعام میمن۔ فوٹو — فائل

صوبائی وزیر اطلاعات اور رہنما پیپلز پارٹی شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ بھارت اور اسرائیل کے کہنے پر آئینی اداروں کے خلاف سازشیں ہو رہی ہیں۔

کراچی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ کون سا مرض سندھ حکومت نے چھوڑا جس کا مفت علاج نہیں ہو رہا، حیدرآباد میں ہارٹ اٹیک ہوا تو این آئی سی وی ڈی گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ گورنر سندھ کامران ٹیسوری کے ساتھ ہمارے کوئی اختلافات نہیں، اگر مردم شماری میں کراچی کی آبادی کم کی گئی تو پیپلز پارٹی اسے نہیں مانے گی۔

صوبائی وزیر کا صدر مملکت پر تنقید کرتے ہوئے کہنا تھا کہ صدر پاکستان غیر آئینی و غیر اخلاقی کام کر رہے ہیں، انہیں اپنے منصب کا خیال نہیں، عارف علوی صدر کم اور ٹائیگر فورس کے رکن زیادہ لگتے ہیں۔

شرجیل میمن نے کہا کہ صدر پاکستان کا ریموٹ عمران خان کے ہاتھ میں ہے، عمران کہتا ہے اسٹینڈ اپ تو وہ کھڑے ہو جاتے ہیں اور جب عمران کہتا ہے سٹ ڈاؤن تو صدر مملکت بیٹھ جاتے ہیں، البتہ پاکستان کے عوام کو آنکھیں کھولنی چاہئے، ایک گری ہوئی ذہنیت کا لیڈر نفرت کا پیغام پھیلا رہا ہے۔

آئین کی گولڈن جوبلی تقیب سے متعلق پی پی رہنما کا کہنا تھا کہ آئین پاکستان کی گولڈن جوبلی پارلیمنٹ میں منائی جارہی تھی، پارلیمنٹ ہاؤس ایک آئینی ادارہ ہے، اس سے مقدس ادارہ پاکستان میں کوئی نہیں۔

شرجیل میمن نے کہا کہ جسٹس فائز عیسٰی کی پارلیمنٹ میں آئینِ پاکستان کی گولڈن جوبلی تقریب میں شرکت فخر کی بات تھی، تمام معزز جج صاحبان کو شرکت کی دعوت دی گئی تھی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ بھارت اور اسرائیل کے کہنے پر آئینی اداروں کے خلاف سازشیں ہو رہی ہیں، کل جسٹس فائز عیسیٰ کے خلاف سوشل میڈیا پر مہم چلائی گئی جو کہ ڈوب مرنے کا مقام ہے، یہ سارے وہ لوگ تھے جن کی آنکھیں بند تھیں جب کہ کچھ صحافی بھی سوشل میڈیا پر جسٹس فائز عیسیٰ پر تنقید کر رہے تھے۔

karachi

imran khan

PPP

Justice Qazi Faez Isa

Arif Alvi

Sharjeel Inam Memon

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div