Aaj News

پیر, نومبر 11, 2024  
08 Jumada Al-Awwal 1446  

ارشد ندیم کی کامیابی پر حکومتی اور اپوزیشن اراکین یک زباں، قومی اسمبلی میں خراج تحسین پیش، متفقہ قرار داد منظور

حکومت کھیلوں کے فروغ کیلئے اقدامات اُٹھائے تاکہ دنیا میں پاکستان کا نام روشن ہو، قرارداد
اپ ڈیٹ 09 اگست 2024 08:51pm

پیرس اولمپکس 2024 میں گولڈ میڈل جیتنے پر قومی اسمبلی میں پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم کو خراج تحسین پیش کرنےکی قرار داد متفقہ طورپر منظور کرلی گئی۔ جب کہ سینیٹ اجلاس میں بھی ارشد ندیم کو گولڈ میڈل جیتنے پر مبارکباد پیش کی گئی۔ اس کے علاوہ خیبرپختونخوا اسمبلی میں بھی ارشد ندیم کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ ارشد ندیم کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب نے 10 کروڑ اور سندھ حکومت نے 5 کروڑ روپے انعام کا بھی اعلان کیا۔

اولمپکس میں گولڈ میڈل جیت کر ریکارڈ بنانے اور ملک کا نام روشن کرنے پر قومی ہیرو ارشد ندیم کی کامیابی پر حکومت اور اپوزيشن یک زباں ہوگئے اور اجلاس کے دوران انتہائی مسرور نظر آئے۔

قومی اسمبلی میں ارشد ندیم کو خراج تحسین پیش کرنےکی قرار داد متفقہ طورپر منظور کرلی گئی ہے جس میں قومی ہیرو کو اعلیٰ ترین ایوارڈ سے نوازنے کی بھی سفارش کی گئی ہے۔

ایوان میں قومی اسمبلی میں قرارداد پیپلز پارٹی کی رکن سحر کامران نے 40 سال بعد پاکستان کے لیے میڈل جیتنے والے ارشد ندیم کے لیے پیش کی۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ارشد ندیم کو اولمپکس میں کامیابی اور سونے کا تمغہ جیتنے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

قرارداد کے متن کے مطابق ارشد ندیم نے 92.97 میٹر جیولین تھرو پھینک کر پیرس اولمپکس میں ریکارڈ قائم کردیا ہے، ایوان ارشد ندیم کی مسلسل محنت اور کاوشوں کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہے۔

اولمپکس 2024:پاکستان نے 40 سال بعد گولڈ میڈل حاصل کرلیا، ارشد ندیم نے جیولین تھرو میں ریکارڈ بنا ڈالا

قرارداد کے متن میں مزید کہا گیا کہ ایوان حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ ارشد ندیم کی بھرپور عزت افزائی کرے۔ حکومت کھیلوں کے فروغ کے لیے اقدامات اُٹھائے تاکہ دنیا میں پاکستان کا نام روشن ہو۔

سینیٹ اجلاس میں ارشد ندیم کو گولڈ میڈل جیتنے پر مبارکباد پیش

سینیٹ اجلاس میں پیرس اولمپکس میں جیولن تھرو مقابلے میں ارشد ندیم کو گولڈ میڈل جیتنے پر مبارکباد پیش کی گئی۔

سینیٹ اجلاس ڈپٹی چیئرمین کی زیر صدارت ہوا۔ وزیرقانون اعظم نزیر تارڑ کا کہنا تھا بلاشبہ ارشد ندیم نے ملک کا نام روشن کیا ہے, ارشد ندیم ہمارا قومی ہیرو ہے یہ ایوان ارشد کو مبارکباد پیش کرتا ہے۔

ڈپٹی چئیرمین سینٹ سیدال خان ناصر نے اعلان کیا ارشد ندیم کو واپس آنے پر انعام بھی دیں گے اور ان کے اعزاز میں ڈنر بھی دیں گے۔

سینیٹر ذیشان خانزادہ نے کہا ایوان کی جانب سے ارشد ندیم کے حق میں قرارداد بھی اس ایوان سے پاس ہونی چاہئے میں قرارداد پیش کردوں گا، قومی ہیرو کو خراج تحسین پیش کیا جانا چاہیئے۔

’یقین تھا کہ بہتر پرفارم کروں گا‘، ارشد ندیم کا قوم کے ساتھ 14 اگست منانے کا اعلان

سینیٹ اجلاس میں سینیٹر زرقہ نے کورم کی نشاندہی کردی،کورم نا مکمل ہونے پر سینیٹ اجلاس غیر معینہ مدت تک کے لیے ملتوی کردیا گیا۔

خیبرپختونخوا اسمبلی میں ارشد ندیم کو خراج تحسین پیش

خیبرپختونخوا اسمبلی میں پیرس اولمپکس میں مینزجیولین تھرو ایونٹ میں پاکستان کےلئے گولڈ میڈل جیتنے والے ارشدندیم کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔

جمعہ کو اسمبلی اجلاس کے دوران پیپلزپارٹی کے پارلیمانی لیڈر احمد کنڈی نے کہا کہ پیرس اولمپکس میں سبز ہلالی پرچم بلند کرکے ارشدندیم نے جیولن تھرو میں گولڈ میڈل جیت لیا۔ ارشد ندیم نے ہمارا سر فخر سے بلند کیا ہے، ہمارے ہاں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں لیکن اسٹرکچر مضبوط نہیں۔

انھوں نے کہا کہ ارباب نیاز اسٹیڈیم کئی سالوں سے نہیں بن رہا، دس سالوں سے یہاں فرسٹ کلاس کرکٹ نہیں ہوئی۔ آدھی ٹیم کرکٹ کے پی سے منتخب ہوتی ہے لیکن تاریخی اسٹیڈیم کی تعمیرممکن ہی نہیں ہورہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ارشدندیم کےلئے سندھ حکومت نے پانچ کروڑ روپے کا اعلان کیا ہے، کے پی حکومت کو بھی چاہیے کہ وہ ارشد ندیم کےلئے خصوصی اعلان کرے۔ ارشد ندیم نے جشن آزادی کے موقع پر پاکستان کےلئے خوشی کا موقع فراہم کیا جس پر ہم انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا 10 کروڑ روپے انعام کا اعلان

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بھی پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم کیلئے بڑی انعامی رقم کا اعلان کیا ہے۔

مریم نواز نے ارشد ندیم کے لیے 10 کروڑ روپے بطور انعام دینے کے ساتھ میاں چنوں میں ارشد ندیم اسپورٹس سٹی بنانے کا بھی اعلان کیا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ارشد ندیم نے گولڈ میڈل جیت کر قوم کو تحفہ دیا ہے۔ ارشد ندیم نے مشکلات کے باوجود پاکستان کے لیے گولڈ میڈل جیتا۔

سندھ حکومت کا 5 کروڑ روپے انعام کا اعلان

پیرس اولمپکس میں پاکستان کے لیے 40 سال بعد پہلا گولڈ میڈل جیتنے والے ارشد ندیم کو سندھ حکومت نے 5 کروڑ روپے اور گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے 20 لاکھ روپے انعام دینے کا اعلان کیا۔

گورنر پنجاب کا 20 لاکھ روپے انعام کا اعلان

پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم کو اولمپک گیمز میں گول میڈل جیتنے پر گورنر، وزیراعلیٰ اور اسپیکر پنجاب اسمبلی سمیت دیگر شخصیات نے مبارکباد پیش کی ۔ گورنر پنجاب نے 20 لاکھ روپے انعام کا بھی اعلان کیا۔

پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم کے اولمپک گیمز میں گولڈ میڈل جیتنے پر اہم شخصیات کی جانب سے مبارکباد کا سلسلہ جاری ہے۔ گورنرپنجاب نے قومی ہیرو کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے 20 لاکھ روپے انعام دینے کا اعلان کیا۔

گورنر پنجاب نے اپنے بیان میں کہا کہ وطن واپسی پر ارشد ندیم کو گورنر ہاؤس مدعو کیا جائے گا۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان کہتے ہیں ارشد ندیم کی جیت نے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔

واضح رہے کہ جمعرات کو پیرس اولمپکس میں جیولین تھرو کے مقابلوں میں پاکستان کے ارشد ندیم نے تاریخ رقم کرتے ہوئے اولمپک کی تاریخ کی سب سے بڑی 92.97 میٹر کی تھرو کرتے ہوئے پاکستان کو 40سال بعد اولمپک میں گولڈ میڈل جتوایا۔

پاکستان کے ارشد ندیم پہلی تھرو صحیح نہ کر سکے اور ان کی پہلی تھرو کو فاؤل قرار دے دیا گیا تھا، تیسرے راؤنڈ میں پاکستان کے ارشد ندیم نے 88.72 میٹرز کی تھرو کی جبکہ جمہوریہ چیک کے جیکب ویڈلیج نے 88.50 میٹر دور نیزہ پھینکا۔

ارشد ندیم نے چوتھی تھرو میں نیزہ 79.40 میٹرز دور پھینکا، انہوں نے پانچویں تھرو کیا تو نیزہ 84.87 میٹر دور جا گرا۔

چھٹے اور آخری راؤنڈ میں پاکستان کے ارشد ندیم نے مقابلے میں دوسری بہترین تھرو کرتے ہوئے نیزہ 91.79 میٹرز دور پھینک کر اولمپک کی دوسری بہترین تھرو کا ریکارڈ بھی اپنے نام کیا۔

اسلام آباد

National Assembly

Resolution

Olympics

arshad nadeem

paris olympics

paris olympics 2024

2024 Olympics

Arshad Nadeem Gold

olympics medals

Gold Medal Winner