اسرائیلی وزیراعظم کا سعودی عرب میں فلسطینی ریاست کا بیان، پاکستان کا شدید ردعمل
پاکستان نے بھی اسرائیلی وزیراعظم نتین یاہو کی جانب سے سعودی عرب میں فلسطینی ریاست بنانے کے بیان پر اپنا شدید رد عمل دیا اور نتین یاہو کے بیان کو غیرذمہ دارانہ قرار دیتے ہوئے اس کی مذمت کی ہے۔
ترجمان دفترخارجہ کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ پاکستان نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے حالیہ غیر ذمہ دارانہ بیان کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے، جس میں انہوں نے فلسطینی عوام کے لیے سعودی عرب میں ایک ریاست قائم کرنے کی تجویز دی تھی۔
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اسرائیلی وزیراعظم کے اس بیان کو غیر ذمہ دارانہ، اشتعال انگیز اور ناقابلِ قبول قرار دیا اور کہا کہ پاکستان فلسطینی عوام کے حق خودارادیت اور آزاد ریاست کے جائز حق کی حمایت کرتا ہے۔
اسحاق ڈار نے واضح کیا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے، سعودی عرب کے فلسطینی کاز کے غیر متزلزل عزم کو غلط رنگ دینا افسوسناک ہے۔
فلسطینیوں کیلئے سعودی عرب میں ریاست کا قیام، نیتن یاہو کے بیان پر مملکت کا سخت ردعمل
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان فلسطینی عوام کے ناقابل تنسیخ حق کو تسلیم کرتا ہے، فلسطینی عوام کا 1967 سے پہلے کی سرحدوں کے مطابق آزاد ریاست کا حق مسلمہ ہے القدس الشریف فلسطین کا دارالحکومت ہے اور رہے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ فلسطینی عوام کو اپنی سرزمین سے بے دخل کرنے کی کوئی بھی تجویز بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے، فلسطین سے متعلق اقوام متحدہ کی قراردادوں اور عالمی انصاف کے اصولوں کی خلاف ورزی ناقابل قبول ہے۔
اسحاق ڈار نے یہ بھی کہا کہ پاکستان فلسطینی عوام کے حقوق کے لیے سعودی عرب اور عالمی برادری کے ساتھ مل کر کام کرتا رہے گا، پاکستان عالمی برادری سے اسرائیلی وزیراعظم کے اشتعال انگیز بیان کی مذمت کا مطالبہ کرتا ہے، عالمی برادری اسرائیل کو امن عمل کو نقصان پہنچانے کی مسلسل کوششوں پر جوابدہ ٹھہرائے۔
Comments are closed on this story.