Aaj News

ہفتہ, مئ 24, 2025  
26 Dhul-Qadah 1446  

عمران خان نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں ججز کے تبادلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا

اسلام آباد ہائی کورٹ کے پہلے سے موجود ججز کو انتقامی کارروائی کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، کیونکہ انہوں نے بانی پی ٹی آئی کے خلاف مقدمات میرٹ پر نمٹائے تھے، درخواست
شائع 13 مارچ 2025 11:48am

اسلام آباد ہائی کورٹ میں ججز کے تبادلے کے خلاف بانی پی ٹی آئی عمران خان نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر دی۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ججز کے تبادلوں کا نوٹیفیکیشن غیر قانونی، غیر آئینی اور کالعدم قرار دیا جائے۔

درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ ججز کے تبادلوں میں آئین اور عدلیہ کی آزادی کے اصولوں کی پاسداری کی ہدایت دی جائے اور سپریم کورٹ الجہاد ٹرسٹ کیس میں طے شدہ اصولوں پر عملدرآمد یقینی بنانے کا حکم جاری کرے۔

درخواست میں وفاقی حکومت، لاہور اور اسلام آباد ہائی کورٹس کے رجسٹرارز سمیت سندھ اور بلوچستان ہائی کورٹس کے رجسٹرارز کو بھی فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ تین ججوں کے اسلام آباد ہائی کورٹ تبادلے کو کالعدم قرار دیا جائے، کیونکہ آرٹیکل 200 کا استعمال تفصیلی مشاورت کے بغیر ممکن نہیں۔

درخواست میں مزید کہا گیا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے پہلے سے موجود ججز کو انتقامی کارروائی کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، کیونکہ انہوں نے عدالتی معاملات میں مداخلت کے خلاف آواز بلند کی تھی اور بانی پی ٹی آئی کے خلاف مقدمات میرٹ پر نمٹائے تھے۔

درخواست میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ بغیر حلف اٹھائے ایک جج کو لا کر قائم مقام چیف جسٹس بنایا گیا، جو عدلیہ کی آزادی ختم کرنے کی ایک سازش ہے۔

بانی پی ٹی آئی نے مؤقف اپنایا کہ یہ تمام اقدامات عدلیہ کی خودمختاری کو کمزور کرنے کے لیے کیے جا رہے ہیں، جس پر عدالت عظمیٰ کو نوٹس لینا چاہیے۔

imran khan

Islamabad High Court

Supreme Court of Pakistan

Judges Transfer