کوئی شک نہیں پاکستان میں دہشتگردی میں بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کا ہاتھ ہے، رانا ثنااللہ
وزیر اعظم کے مشیر رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ دہشت گرد مجرم ہیں جو کسی رعایت کے مستحق نہیں، دہشت گردوں نے مسافروں کو شہید کیا ہے، کوئی شک نہیں پاکستان میں دہشت گردی میں بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کا ہاتھ ہے، را دہشت گردوں کی ماں کا کردار ادا کررہی ہے، را سفاکانہ کارروائیوں کے لیے فنڈز اور اسلحہ فراہم کررہی ہے جبکہ افغان حکومت پاکستان میں دہشت گردی کے لیے پراکسی کا کردار ادا کررہی ہے، افغانستان میں دہشت گردوں کی تیاری ہوتی ہے اورپھر پاکستان میں کارروائی کرتے ہیں۔
جعفر ایکسپریس میں شہید ہونے والے پاک فوج کے جوان مزمل کے ورثاء سے اظہار تعزیت کے بعد فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مشیر وزیراعظم رانا ثنا اللہ نے دہشت گردی کے حالیہ واقعات پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کا کوئی دین ایمان نہیں ہے، دہشت گرد مجرم ہیں اور معصوم مسافروں کو شہید کیا ہے، ایسے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔
سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پوری دنیا متفق ہے اور پاکستان اس جنگ میں صف اول کا کردار ادا کر رہا ہے۔
رانا ثنا اللہ نے ایک سیاسی جماعت کے سوشل میڈیا ونگ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں ایک سیاسی جماعت کے سوشل میڈیا نے وہی پراپگنڈا کیا جو بھارتی میڈیا کررہا تھا پوری قوم کو اپنے شہدا اور غازیوں کے ساتھ کھڑے ہونا چاہیئے۔
انہوں نے افغانستان کی حکومت پر الزام لگایا کہ وہ پراکسی کا کردار ادا کر رہی ہے اور بیرونی عناصر ملک میں عدم استحکام پیدا کرنا چاہتے ہیں۔
وزیراعظم کے مشیر نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی میں بھارتی ایجنسی ’را‘ کا ہاتھ ہے، را دہشت گردوں کی ماں کا کردار ادا کر رہی ہے اور دہشت گردوں کو اسلحہ اور فنڈز فراہم کر رہی ہے تاکہ پاکستان میں انتشار پیدا کیا جا سکے۔
رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ جیسے ہی دہشت گرد کارروائی کرتے ہیں، بھارتی میڈیا فوری طور پر پروپیگنڈا شروع کر دیتا ہے۔ ایسا لگتا ہے کہ بھارتی میڈیا کو پہلے سے اطلاع ہوتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے افغان پناہ گزینوں کی سالہا سال مدد کی افغانستان کی عوام ہمارے ساتھ ہے لیکن افغانستان کی حکومت نے دہشت گردوں کو سہولتیں فراہم کر رکھی ہیں، افغانستان میں دہشت گردوں کی تربیت ہوتی ہے اور پھر وہ پاکستان میں کارروائیاں کرتے ہیں، پاک فوج کا کوئی جوان دہشتگردوں کی حراست میں نہیں ہے، جائے وقوعہ سب کیلئے کھلا ہے، کوئی بھی وہاں جا کر دیکھ سکتا ہے۔
سابق وزیر داخلہ نے پاک افواج کی کارروائی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ہماری افواج نے بروقت آپریشن کرتے ہوئے جعفر ایکسپریس واقعے میں ملوث دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا اور ٹرین میں سفر کرنے والے تمام مسافروں کو بحفاظت بازیاب کروایا۔
وزیراعظم کے مشیر نے مزید کہا کہ بلوچستان میں کسی گرینڈ آپریشن کی ضرورت نہیں ہے، انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں کی جارہی ہیں اور ہم دہشت گردوں کو ان کے انجام تک پہنچائیں گے۔
Comments are closed on this story.