جاپان، آذربائیجان،برطانوی، ایرانی اور اطالوی وزرائے خارجہ کا اسحاق ڈار سے رابطہ
خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور سیکیورٹی صورتحال کے تناظر میں عالمی سطح پر سفارتی سرگرمیاں تیز ہو گئیں۔ برطانیہ، ایران، آذربائیجان، اٹلی اور جاپان کے وزرائے خارجہ نے پاکستان کے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے علیحدہ علیحدہ ٹیلی فونک رابطے کیے، جن میں دوطرفہ تعلقات اور جنوبی ایشیا میں بگڑتی ہوئی سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمے نے گفتگو کے دوران پاک بھارت کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ برطانیہ خطے میں قیام امن کے لیے ہر ممکن کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔ انہوں نے دونوں ممالک پر زور دیا کہ وہ فوری طور پر کشیدگی میں کمی کے لیے عملی اقدامات کریں۔
پاکستان نے بھارتی میڈیا کے الزامات اور پروپیگنڈے کو مسترد کر دیا
آذربائیجان کے وزیر خارجہ نے بھارتی جارحیت کی سخت مذمت کرتے ہوئے پاکستان کے ساتھ مکمل یکجہتی اور حمایت کا اعلان کیا۔ اسحاق ڈار نے اپنے ہم منصب کو بھارتی اشتعال انگیزی اور سویلین علاقوں کو نشانہ بنانے کے واقعات سے آگاہ کیا۔
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے بھی اسحاق ڈار سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات، علاقائی ترقی اور سیکیورٹی صورتحال پر گفتگو کی۔ عباس عراقچی نے جنوبی ایشیا میں کشیدگی کم کرنے کے لیے سفارتی کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے حالیہ دورہ بھارت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایران خطے میں امن و استحکام کو ترجیح دیتا ہے۔
’ کارروائی کا حق محفوظ رکھتے ہیں’، وزیر اعظم نے امریکی وزیر خارجہ پر واضح کردیا
دریں اثنا، اسحاق ڈار نے اٹلی کے وزیر خارجہ انتونیو تاجانی سے بھی بات چیت کی اور بھارتی جارحیت، شہری علاقوں پر حملوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔ اطالوی وزیر خارجہ نے قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کشیدگی کے خاتمے کے لیے فوری مذاکرات کی ضرورت پر زور دیا۔
پاک بھارت کشیدگی: سعودی وزیر خارجہ آج پاکستان پہنچیں گے
عالمی وزرائے خارجہ کے ان روابط کو جنوبی ایشیا میں امن کے لیے بڑھتی ہوئی عالمی تشویش اور سفارتی تعاون کا واضح اشارہ قرار دیا جا رہا ہے۔
برسلز: پاکستانی سفیر رحیم حیات قریشی کی بیلجیئم کے بادشاہ فلپ سے ملاقات
برسلز میں پاکستانی سفیر رحیم حیات قریشی نے شاہی محل میں بیلجیئم کے بادشاہ فلپ سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں سفیر نے بادشاہ کو خطے کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا اور انہیں صدر مملکت اور وزیراعظم پاکستان کا پیغام پہنچایا۔
ملاقات کے دوران پاکستان اور بیلجیئم کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اظہار بھی کیا گیا۔پاکستانی سفیر نے بادشاہ فلپ کو اسناد سفارت پیش کیں اور دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید فروغ دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔
قازقستان: پاکستانی سفیر نعمان بھٹی کی میڈیابریفنگ، سندھ طاس معاہدے پر گفتگو
قازقستان میں پاکستانی سفیر نعمان بھٹی نے ایک میڈیابریفنگ کے دوران سندھ طاس معاہدے پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ سفیر نے کہا کہ سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ معطلی غیرقانونی ہے اور اس سے بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہوتی ہے۔
جاپان کا اظہارِ تشویش
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کو جاپان کے وزیر خارجہ نے ٹیلی فون کیا، جس میں انہوں نے پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی پر سخت تشویش کا اظہار کیا۔
جاپانی وزیر خارجہ نے دونوں ممالک پر زور دیا کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں اور فوری طور پر کشیدگی کم کرنے کے اقدامات کریں۔
اس موقع پر اسحاق ڈار نے بھارتی جارحیت اور حالیہ حملوں سے متعلق تفصیلات سے جاپانی وزیر خارجہ کو آگاہ کیا اور خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے مؤقف سے بھی انہیں آگاہ کیا۔