صدر ٹرمپ کا ایران کو اسلحہ فراہم کرنے والے ممالک پر ٹیرف عائد کرنے کا اعلان

امریکی صدر نے ایران کو ممکنہ ٹیرف اور پابندیوں میں نرمی کا عندیہ بھی دیا ہے۔
شائع 08 اپريل 2026 06:44pm

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو اسلحہ فراہم کرنے والے ممالک کو سخت وارننگ دیتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ ایسے ممالک پر فوری طور پر 50 فیصد ٹیرف عائد کیا جائے گا تاہم ساتھ ہی انہوں نے ایران کو ممکنہ ٹیرف اور پابندیوں میں نرمی کا عندیہ بھی دیا ہے۔

امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی پر عملدرآمد شروع ہو گیا ہے اور امریکا کا پہلا جہاز بھی آبنائے ہرمز سے روانہ ہو چکا ہے۔ بدھ کے روز اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم سوشل ٹروتھ پر جاری بیان میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایران کو اسلحہ کرنے والے ممالک پر ٹیرف عائد کریں گے۔

امریکی صدر نے کہا کہ جو بھی ملک ایران کو فوجی ہتھیار فراہم کرے گا، اس کی امریکا کو برآمد کی جانے والی تمام اشیا پر فوری طور پر 50 فیصد ٹیرف عائد ہوگا، یہ ٹیرف فوری طور پر عائد کیا جائے گا اور اس میں کسی قسم کی کوئی چھوٹ یا استثنیٰ نہیں ہوگا۔

صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے 15 نکات میں سے زیادہ تر مان لیے گئے ہیں، امریکا ایران کے ساتھ مل کر کام کرے گا، ایران یورینیم افزودگی نہیں کرے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ زمین میں دھنسی نیوکلیر ڈسٹ نکالنے کے لیے بات ہوگی، امریکا ایران کے ساتھ مل کر یہ نیوکلیر ڈسٹ نکالے گا، ہماری اسپیس فورس اس ڈسٹ پر نظر رکھے ہوئے ہے، بی ٹی بمبارے حملے کے بعد کسی چیز کو نہیں چھیڑا گیا، ایران پر پابندیوں اور ٹیریف میں کمی پر بھی بات ہوگی۔

اپنے بیان کے آخر میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس معاملے پر توجہ دینے پر شکر ادا کیا۔

امریکی صدر ٹرمپ کے ان بیانات کے باوجود ایران کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔