فخر زمان نے پی ایس ایل میں کئی ریکارڈز بنادیے، بابر اعظم کو بھی پیچھے چھوڑ دیا
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 11 میں لاہور قلندرز کے اوپنر فخر زمان نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف شاندار سنچری اسکور کرتے ہوئے نہ صرف اپنی ٹیم کو فتح دلائی بلکہ لیگ کی تاریخ میں متعدد ریکارڈز بھی اپنے نام کر لیے ہیں۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں میں کھیلے گئے پی ایس ایل 11 کے 30 ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف بائیں ہاتھ سے بلے بازی کرنے والے فخر زمان نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 51 گیندوں پر 103 رنز بنائے، جس میں 11 چوکے اور 6 چھکے شامل تھے۔ ان کی اننگز کی بدولت لاہور قلندرز نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 197 رنز اسکور کیے۔
یہ ان کی پی ایس ایل میں تیسری سنچری ہے، جس کے ساتھ وہ لیگ میں تین سنچریاں بنانے والے مخصوص بیٹرز کے گروپ میں شامل ہو گئے ہیں۔ اس فہرست میں عثمان خان، کامران اکمل، رئیلی روسو اور بابر اعظم بھی شامل ہیں۔

فخر زمان نے ایک اور اہم ریکارڈ اپنے نام کرتے ہوئے پی ایس ایل کی تاریخ میں پہلے بیٹر ہونے کا اعزاز حاصل کیا جس نے لاہور کے میدان میں 1000 رنز مکمل کیے۔ اس فہرست میں دوسرے نمبر پر بابر اعظم ہیں، جن کے 784 رنز ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق فخر زمان اب تک 103 میچز میں 3,246 رنز بنا کر پی ایس ایل کی آل ٹائم رنز فہرست میں دوسرے نمبر پر ہیں۔ ان کے ریکارڈ میں 25 نصف سنچریاں اور 3 سنچریاں شامل ہیں جب کہ ان کا اسٹرائیک ریٹ 143.43 رہا ہے۔
میچ میں سری لنکا کے چریتھ اسالنکا نے 24 گیندوں پر 31 رنز بنائے جب کہ ڈینئل سیمز نے 12 گیندوں پر 18 رنز کی اننگز کھیلی تاہم میچ کا مرکزی کردار فخر زمان کی شاندار بیٹنگ ہی رہی۔
لاہور قلندرز کی جانب سے دیے گئے 198 رنز کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم 7 وکٹوں کے نقصان پر 188 رنز بناسکی اور لاہور قنلدرز نے یہ میچ رنز سے اپنے نام کرلیا۔
لاہور قلندرز کی جانب سے حارث رؤف نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، سکندر رضا، عبید شاہ، اسامہ میر اور شاہین آفریدی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
فخر زمان کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا، جس کے بعد فخر زمان پی ایس ایل میں سب سے زیادہ مین آف دی میچ حاصل کرنے والے کھلاڑی بن گئے ہیں اور انہوں نے بابر اعظم کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
فخر زمان نے 103 میچز میں 14 مرتبہ مین آف دی میچ کا اعزاز حاصل کیا ہے جب کہ بابر اعظم 107 میچز میں 9 مرتبہ میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے ہیں، فہرست میں تیسرا نمبر رائلی روسو کا ہے۔
















