پی ایس ایل 11: کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی پر محمد عامر اور فہیم اشرف پر جرمانہ عائد

گزشتہ روز راولپنڈیز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے میچ کے دوران دونوں پلیئرز الجھ پڑے تھے
شائع 24 اپريل 2026 11:08am

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 11 کے 34 ویں میچ میں کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی پر محمد عامر اور فہیم اشرف پر جرمانہ عائد کردیا گیا۔

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دوران اسلام آباد یونائیٹڈ اور راولپنڈی ٹیم کے درمیان کھیلے گئے میچ میں ناخوشگوار صورتحال پیدا ہوگئی تھی، سخت جملوں کے تبادلے نے میدان کا ماحول کشیدہ کردیا تھا۔

یہ واقعہ فہیم اشرف کے آؤٹ ہونے کے بعد پیش آیا تھا جب دونوں کھلاڑیوں کے درمیان گرما گرمی بڑھ گئی اور معاملہ سخت جملوں تک جا پہنچا۔

میدان میں موجود امپائرز اور دیگر کھلاڑیوں نے صورتحال کو قابو میں کرنے کی کوشش کی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ضابطہ اخلاق (کوڈ آف کنڈکٹ) کی خلاف ورزی پر دونوں کھلاڑیوں، محمد عامر اور فہیم اشرف پر میچ فیس کا 10 فیصد جرمانہ عائد کردیا ہے۔

پی سی بی کے مطابق کھیل کے دوران ڈسپلن اور اسپورٹس مین اسپرٹ کو برقرار رکھنا تمام کھلاڑیوں کی ذمہ داری ہے، اور کسی بھی قسم کی غیر مناسب رویے پر سخت کارروائی کی جائے گی۔ دونوں پلیئرز نے غلطی تسلیم کرلی ہے۔