خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، بھارتی حمایت یافتہ 5 دہشت گرد ہلاک

سیکیورٹی فورسز نے ٹانک اور ڈیرہ اسماعیل خان میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائیاں کیں: آئی ایس پی آر
شائع 08 مئ 2026 10:33pm

سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا میں 2 کامیاب کارروائیوں کے دوران بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 5 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) 7 اور 8 مئی 2026 کی درمیانی شب سیکیورٹی فورسز کی جانب سے خیبرپختونخوا کے ضلع ٹانک اور ڈیرہ اسماعیل خان میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے گئے، اس دوران بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کے 5 دہشت گرد مارے گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع ٹانک میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کی، جہاں شدید فائرنگ کے تبادلے میں فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 4 خوارج مارے گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ایک اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں کیا گیا، جہاں فائرنگ کے تبادلے میں ایک خارجی کو ہلاک کردیا گیا۔ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔ ہلاک دہشت گرد علاقے میں متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث رہے تھے۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ علاقے میں مزید ممکنہ خوارج کے خاتمے کے لیے کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔ وفاقی ایپکس کمیٹی کے منظور کردہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت عزم استحکام وژن کے مطابق سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں پوری قوت سے جاری رہیں گی تاکہ ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔

وزیراعظم اور وزیر داخلہ کا سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین

وزیراعظم شہبازشریف نے خیبرپختونخوا میں فتنتہ الخوارج کے خلاف کامیاب کاروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا اور 5 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی پذیرائی کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف بڑی کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں، دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے، پوری قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہے، ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے بھی خیبرپختونخوا میں 2 کامیاب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کی ستائش کی اور دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی صلاحیتوں کو سراہا۔

محسن نقوی نے مزید کہا کہ بھارتی سپانسرڈ دہشتگردوں کا صفایا کریں گے، سیکیورٹی فورسزکی کامیابیوں کو قوم قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے، آخری بھارتی سپانسرڈ دہشت گرد کے خاتمے تک آپریشنز جاری رہیں گے۔