پاکستان اور سعودی عرب کا آبنائے ہرمز سمیت بحری سلامتی یقینی بنانے پر اتفاق
پاکستان اور سعودی عرب نے خطے کی بدلتی صورتِ حال کے تناظر میں بحری سلامتی اور سفارتی رابطوں کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ہے۔ دونوں ممالک نے ایران امریکا روابط اور علاقائی استحکام سے متعلق امور پر بھی مشاورت جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔
پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے سعودی وزیرخارجہ فیصل بن فرحان سے ٹیلی فونک رابطہ کیا، جس میں خطے کی صورتِ حال اور باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق سعودی وزیرخارجہ نے خطے میں امن اور استحکام کے لیے پاکستان کے تعمیری اور سفارتی کردار کو سراہا۔ انہوں نے ایران اور امریکا کے درمیان جاری روابط کے تناظر میں پاکستان کی سفارتی کوششوں کی حمایت کا بھی اعادہ کیا۔
دفتر خارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے آبنائے ہرمز سمیت اہم بحری راستوں میں سلامتی یقینی بنانے کی ضرورت پر اتفاق کیا، جب کہ خطے میں بڑھتی کشیدگی کے دوران بحری تحفظ کو عالمی تجارت اور توانائی کی ترسیل کے لیے اہم قرار دیا گیا۔
گفتگو کے دوران پاکستان اور سعودی عرب نے علاقائی اور عالمی پیش رفت پر قریبی رابطے برقرار رکھنے اور باہمی مشاورت جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔
اس سے قبل امریکی قائم مقام سفیر نٹالی اے بیکر نے نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار سے ملاقات کی، جس میں خطے کی بدلتی صورتِ حال اور پاکستان امریکا دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
نائب وزیراعظم نے اس موقع پر ایران اور امریکا کے درمیان رابطے میں سہولت کاری کے حوالے سے پاکستان کے کردار کو اجاگر کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ جاری سفارتی کوششیں خطے اور اس سے باہر امن و استحکام میں مددگار ثابت ہوں گی۔
اسحاق ڈار نے سنگاپور کے ذریعے پاکستانی اور ایرانی بحری اہلکاروں کی وطن واپسی کے لیے امریکا کی جاری معاونت کو بھی سراہا۔














