حکومت کا گیس پر 140 ارب روپے کی کراس سبسڈی ختم کرنے کا فیصلہ

جنوری 2027 تک گیس پر دی جانے والی رعایتیں مکمل طور پر ختم کردی جائیں گی: ذرائع
شائع 13 مئ 2026 04:40pm

حکومت نے گیس صارفین کو دی جانے والی 140 ارب روپے کی کراس سبسڈی مرحلہ وار ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

ذرائع کے مطابق جنوری 2027 تک گیس پر دی جانے والی رعایتیں مکمل طور پر ختم کردی جائیں گی جب کہ آئندہ گیس اور بجلی پر سبسڈی استعمال کے بجائے آمدنی کی بنیاد پر دی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق حکومت نے گیس سیکٹر میں اصلاحات کے تحت کراس سبسڈی کا نظام ختم کرنے کی تیاری شروع کردی ہے۔ اس منصوبے کے تحت صنعتوں، سی این جی، کمرشل اور سیمنٹ سیکٹر پر موجود اضافی مالی بوجھ کم کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ تمام صارفین سے یکساں اوسط گیس نرخ وصول کرنے پر غور کیا جارہا ہے جب کہ کم آمدنی والے گھرانوں کو براہِ راست مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق کم آمدنی والے صارفین کی نشاندہی کے لیے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا ڈیٹا استعمال کیا جائے گا تاکہ مستحق خاندانوں کو سبسڈی کی فراہمی یقینی بنائی جاسکے۔

اسلام آباد میں اوسط گیس ٹیرف 1750 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کیا گیا ہے جب کہ محفوظ صارفین اب بھی کم نرخ ادا کررہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق نئی پالیسی کے تحت سبسڈی کے نظام کو مرحلہ وار تبدیل کیا جائے گا۔