ایران پر منگل کو حملہ طے تھا، خلیجی رہنماؤں کی درخواست پر حملہ روکا: صدر ٹرمپ

ایران سے ڈیل نہ ہوئی تو ایک سیکنڈ میں حملہ کرنے کا حکم دے دیا ہے، ٹرمپ
اپ ڈیٹ 19 مئ 2026 09:39am

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے معاملے پر ایک بار پھر سخت اور جارحانہ مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ایران کے ساتھ معاہدہ نہ ہوا تو انہوں نے فوج کو ایک سیکنڈ کے نوٹس پر حملے کے لیے تیار رہنے کا حکم دے رکھا ہے، تاہم اس وقت ایران کے ساتھ انتہائی سنجیدہ مذاکرات جاری ہیں اور ڈیل ہونے کے امکانات روشن دکھائی دے رہے ہیں۔

صدر ٹرمپ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہیں مشرق وسطیٰ کے اہم رہنماؤں کی جانب سے ایران پر مجوزہ حملہ روکنے کی درخواست کی گئی تھی، جس کے بعد انہوں نے امریکی فوج کو کارروائی مؤخر کرنے کا حکم دیا۔

ٹرمپ کا کہنا تھا کہ قطر، متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب کی قیادت نے اپیل کی کہ ایران کو سفارتی راستہ دینے کی کوشش کی جائے۔

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ امریکا ایران پر حملے کے لیے مکمل طور پر تیار تھا اور کارروائی کل بھی ہوسکتی تھی، تاہم انہیں محسوس ہوتا ہے کہ تہران کے ساتھ ایسا معاہدہ طے پانے کا اچھا موقع موجود ہے جو نہ صرف امریکا بلکہ پورے مشرق وسطیٰ کے لیے قابل قبول ہوگا۔

انہوں نے واضح کرتے ہوئے کہا تھا کہ ممکنہ معاہدے میں ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت ہرگز نہیں دی جائے گی۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا کہ انہوں نے امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ، جنرل ڈین کین اور عسکری قیادت کو ہدایت دی ہے کہ فی الحال حملہ نہ کیا جائے۔ ان کے بقول اگر ایسی ڈیل طے پا جاتی ہے جس کے تحت ایران جوہری ہتھیار حاصل نہ کرسکے تو امریکا مطمئن ہوسکتا ہے۔

صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ ایران کی اعلیٰ قیادت ختم ہوچکی ہے اور اب وہاں تیسرے درجے کی قیادت باقی رہ گئی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ آبنائے ہرمز پر مکمل کنٹرول امریکا کے پاس ہے۔

دوسری جانب امریکی صدر نے سان ڈیاگو کی ایک مسجد پر فائرنگ کے واقعے کو بھی تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے واقعات پر گہری نظر رکھی جارہی ہے۔

اپنی گفتگو کے دوران ٹرمپ نے امریکی ڈیموکریٹک پارٹی اور امریکی میڈیا کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایران کی پوری فوج ہتھیار ڈال دے، تمام فوجی سرنڈر کردیں اور ایرانی قیادت باضابطہ طور پر شکست تسلیم کرتے ہوئے سرنڈر دستاویزات پر دستخط بھی کردے، تب بھی امریکی میڈیا ایران کی شاندار فتح کی ہی سرخیاں لگائے گا۔

صدر ٹرمپ نے خاص طور پر دی وال اسٹریٹ جرنل، دی نیویارک ٹائمز اور سی این این کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں جعلی میڈیا قرار دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکی میڈیا اور ڈیموکریٹس مکمل طور پر حواس باختہ ہوچکے ہیں اور ہر معاملے کو سیاسی رنگ دینے کی کوشش کررہے ہیں۔