وینزویلا: تباہ کن زلزلے میں اموات 2 ہزار 954 ہوگئیں
وینزویلا میں آنے والے تباہ کن زلزلے کے نتیجے میں ہلاک افراد کی تعداد بڑھ کر 2 ہزار 954 ہو گئی ہے، جبکہ ہزاروں افراد زخمی اور بے گھر ہو چکے ہیں۔
وینزویلا کی وزارتِ اطلاعات کے مطابق زلزلے کے باعث اب تک 16 ہزار 592 افراد زخمی ہوئے ہیں، جبکہ 6 ہزار 309 شہری اپنے گھروں سے محروم ہو کر بے گھر ہونے پر مجبور ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں زخمیوں کو فوری طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
وزارتِ اطلاعات کے مطابق میڈیکل ٹیموں نے اب تک 22 ہزار 445 افراد کو طبی امداد فراہم کی ہے، جبکہ امدادی سرگرمیوں کو مزید مؤثر بنانے کے لیے ملک بھر سے وسائل متاثرہ علاقوں میں منتقل کیے جا رہے ہیں۔
حکام کے مطابق زلزلہ متاثرین کی امداد اور ریسکیو آپریشن میں مجموعی طور پر 30 ہزار اہلکار حصہ لے رہے ہیں، جن میں 3 ہزار 281 غیرملکی ریسکیو ورکرز بھی شامل ہیں۔
یہ ٹیمیں ملبے تلے دبے افراد کی تلاش، زخمیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے اور متاثرین کو ضروری امداد فراہم کرنے میں مصروف ہیں۔
وینزویلا کی حکومت کا کہنا ہے کہ زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں امدادی اور بحالی کی کارروائیاں تیزی سے جاری ہیں اور متاثرہ خاندانوں کو خوراک، رہائش، طبی سہولیات اور دیگر ضروری امداد فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
7.2اور 7.5 شدت کے دو مسلسل زلزلوں کے دس روز بعد ریسکیو ٹیمیں زندہ افراد کی تلاش کے آپریشن سمیٹ رہی ہیں، جبکہ متاثرہ خاندان اب بھی اپنے پیاروں کی لاشیں ملبے سے نکالنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔
ماہرین کے مطابق زلزلے کے بعد زندہ افراد کو نکالنے کے امکانات عموماً ابتدائی 72 گھنٹوں تک زیادہ ہوتے ہیں، اگرچہ گزشتہ چند روز کے دوران چند افراد کو زندہ بھی نکالا گیا۔
امریکی ریاستوں کیلیفورنیا، فلوریڈا اور ورجینیا سمیت مختلف جنوبی امریکی ممالک سے آنے والی امدادی ٹیموں نے بھی ہفتے کے روز اپنے ریسکیو آپریشن ختم کرنے اور وطن واپسی کی تیاری شروع کر دی۔












