’دوبارہ حملہ ہوا تو دشمن کے ہاتھ توڑ دیں گے‘، ایران کی امریکا اور اسرائیل کو وارننگ
ایران کی اعلیٰ ترین فوجی کمانڈ نے امریکا اور اتحادیوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی نئی غلطی یا جارحیت کی صورت میں انہیں ایران کے سخت ترین ردعمل کا سامنا کرنا پڑے گا۔ دوسری جانب تہران پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ صحافیوں کا روپ دھار کر حساس معلومات اکٹھی کرنے والے دو مبینہ جاسوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
ایران کے خاتم الانبیا سینٹرل ہیڈکوارٹر کے کمانڈر میجر جنرل علی عبداللہی نے امریکا اور اس کے اتحادیوں کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایران کے خلاف غلط اندازے لگانے اور غلط فہمیوں کو دور کرلیں۔
انہوں نے کہا کہ ایران اور اس کی مسلح افواج پہلے کے مقابلے میں زیادہ تیار، مضبوط اور ہر قسم کی صورت حال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔ ان کے بقول اگر ایران پر کسی بھی قسم کی جارحیت کی گئی تو اس کا جواب پہلے سے زیادہ تیز، فیصلہ کُن اور وسیع ہوگا۔
میجر جنرل علی عبداللہی نے کہا کہ امریکا اور صہیونی فوج ماضی میں کئی بار ایرانی قوم اور اس کی مسلح افواج کا امتحان لے چکے ہیں، تاہم ایران نے اپنی صلاحیتوں اور طاقت کا بھرپور مظاہرہ دکھایا ہے۔
جنرل علی عبداللہی نے بیان میں خبردار کیا کہ ایران خطے میں امن و استحکام کا خواہاں ہے، تاہم اگر دشمن نے دوبارہ کوئی غلطی کی تو ایران پہلے سے کہیں زیادہ طاقت کے ساتھ جواب دے گا اور اپنے دفاع میں جارح کا ہاتھ کاٹنے سے بھی گریز نہیں کرے گا۔
دوسری جانب ایرانی خبر رساں ادارے تسنیم نے کہا ہے کہ تہران پولیس نے دارالحکومت کے مغربی اور شمالی علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے دو ایسے افراد کو گرفتار کیا ہے جو مبینہ طور پر صحافیوں کے بھیس میں جاسوسی کر رہے تھے۔
رپورٹ کے مطابق ان افراد پر الزام ہے کہ وہ حساس فوجی اور انٹیلی جنس مراکز سے متعلق خفیہ معلومات اکٹھی کر کے ایران مخالف نیٹ ورکس کو منتقل کر رہے تھے۔
تسنیم کے مطابق تحقیقات میں یہ بھی سامنے آیا کہ گرفتار افراد نے بیرونِ ملک رابطے کے لیے سیٹلائٹ انٹرنیٹ کے ذریعے روابط قائم کیے تھے، کارروائی کے دوران اسٹارلنک کا ایک ریسیور بھی برآمد کر کے قبضے میں لے لیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ان افراد کے دیگر ساتھیوں اور ممکنہ معاون نیٹ ورکس کی شناخت کے لیے تکنیکی اور انٹیلی جنس بنیادوں پر تحقیقات جاری ہیں جبکہ معاملے کی مزید تفتیش بھی کی جا رہی ہے۔
تسنیم کی ایک اور رپورٹ کے مطابق ایرانی پولیس نے 13 ہزار ڈالر کی رشوت مسترد کرتے ہوئے دماوند میں 3 سٹار لنک ڈیوائسز ضبط کر لیں۔ یہ علاقہ ایران کے دارالحکومت تہران سے تقریباً 66 کلومیٹر شمال مشرق میں واقع ہے۔
رپورٹ کے مطابق دماوند میں پولیس نے انٹیلی جینس معلومات پر ایک رہائشی عمارت پر چھاپہ مارا اور تین غیر قانونی اسٹار لنک سیٹلائٹ انٹرنیٹ ڈیوائسز برآمد کرلیں۔ اس موقع پر افسران کو 13 ہزار ڈالرز کی رشوت کی پیشکش بھی گئی تاہم افسران نے اسے مسترد کردیا۔













