ٹیلر سوئفٹ کی شادی کی تصاویر اب تک خفیہ کیوں؟ دلچسپ تفصیلات سامنے آگئیں

شادی میں شریک ہائی پروفائل سمیت تمام مہمانوں سے ’نون ڈسکلوژر اگریمنٹ‘ پر دستخط کروائے گئے تھے۔
اپ ڈیٹ 22 جولائ 2026 01:25pm

معروف امریکی پاپ اسٹار گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ اور امریکی فٹبال اسٹار ٹریوس کیلسی کی شادی کو کئی ہفتے گزر چکے ہیں، لیکن مداح اب بھی اس یادگار تقریب کی سرکاری تصاویر کا بے چینی سے انتظار کر رہے ہیں۔ اس دوران مختلف بین الاقوامی میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ یہ تصاویر روایتی انداز میں جاری نہیں کی جائیں گی بلکہ ممکنہ طور پر کسی بڑے تخلیقی منصوبے کا حصہ ہوں گی۔

رپورٹس کے مطابق ٹیلر سوئفٹ اور ٹریوس کیلسی نے 3 جولائی کو نیویارک میں ایک نجی تقریب کے دوران شادی کی تھی۔ اگرچہ اس تقریب نے دنیا بھر میں غیر معمولی توجہ حاصل کی، تاہم دونوں شخصیات نے اب تک شادی کی کوئی سرکاری تصویر یا ویڈیو عوام کے سامنے جاری نہیں کی۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق نامعلوم ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیلر سوئفٹ مناسب وقت کا انتظار کر رہی ہیں تاکہ شادی کی تصاویر ایک خاص انداز میں مداحوں کے سامنے پیش کی جا سکیں۔ رپورٹس میں اس لمحے کو ”بہترین وقت“ قرار دیا گیا ہے۔

دی ایکپریس ٹریبیون کے مطابق ٹیلر سوئفٹ کا ارادہ دیگر معروف شخصیات کی طرح کسی بڑے میگزین کے ذریعے اپنی شادی کی تصاویر جاری کرنے کا نہیں ہے۔ دعویٰ کیا گیا ہے کہ وہ ہر اہم اعلان کو ایک منفرد انداز میں پیش کرنے کو ترجیح دیتی ہیں، اسی لیے شادی کی تصاویر بھی کسی روایتی فوٹو شوٹ کے بجائے ایک بڑے منصوبے کا حصہ بن سکتی ہیں۔

رپورٹس میں ایک ذریعے کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ اس فیصلے کا مقصد مالی فائدہ حاصل کرنا نہیں بلکہ ایک ایسی کہانی پیش کرنا ہے جو مداحوں کے لیے یادگار اور بامعنی ہو کیونکہ ٹیلر سوئفٹ اپنی کسی بھی اہم پیش کش کو صرف تصاویر یا مواد کی صورت میں جاری نہیں کرتیں بلکہ انہیں ایک مکمل تجربہ بنانے کی کوشش کرتی ہیں۔

میڈیا رپورٹس میں یہ امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے کہ شادی کی تصاویر مستقبل میں کسی دستاویزی فلم، کافی ٹیبل بک یا کسی دوسرے تخلیقی منصوبے کے ذریعے منظرعام پر لائی جا سکتی ہیں۔ تاہم اس حوالے سے اب تک کوئی باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا۔

رپورٹس میں یہ دعویٰ بھی کیا گیا ہے کہ ٹیلر سوئفٹ اور ٹریوس کیلسی نے اپنی منگنی کی خبر بھی روایتی ذرائع کے بجائے اپنی حکمت عملی کے مطابق خود سامنے لانے کو ترجیح دی تھی، جس سے اندازہ لگایا جا رہا ہے کہ شادی کی تصاویر کے معاملے میں بھی وہ اسی طرز عمل پر قائم ہیں۔

ذرائع کے مطابق ٹیلر سوئفٹ اور ٹریوس کیلسی نے اپنی شادی کو نجی رکھنے کے لیے غیر معمولی انتظامات کیے تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ شادی میں شریک مہمانوں سے رازداری کے معاہدوں یعنی ’نون ڈسکلوژر اگریمنٹ‘ پر دستخط کروائے گئے تھے، جبکہ ریہرسل ڈنر اور شادی کی تقریب کے دوران تمام مہمانوں کے لیے موبائل فون استعمال کرنے پرمکمل پابندی تھی تاکہ تقریب کی نجی حیثیت برقرار رہے۔

شادی میں شرکت کرنے والے ہائی پروفائل مہمانوں میں سیپوٹ کی معروف شخصیات جیسے سیلینا گومز، برَیڈلی کوپر، جیجی حدید، ایڈ شیرن، جینیفر لارنس، ایما اسٹون، ہیو گرانٹ، پال برادران اور دیگر نامور اداکار و فنکار شامل تھے۔ پاپ اسٹار کی پرانی جڑیں یاد رکھتے ہوئے کنٹری میوزک کے متعدد فنکاروں کو بھی مدعو کیا گیا تھا۔

اگرچہ ان تمام اطلاعات نے مداحوں میں تجسس مزید بڑھا دیا ہے، لیکن یہ بات قابل ذکر ہے کہ شادی کی تصاویر یا ان کی ریلیز کے طریقہ کار سے متعلق تمام دعوے فی الحال میڈیا رپورٹس اور نام ظاہر نہ کرنے والے ذرائع کے بیانات پر مبنی ہیں۔ ٹیلر سوئفٹ اور ٹریوس کیلسی کی جانب سے اس بارے میں تاحال کوئی آفیشل بیان جاری نہیں کیا گیا، جس کے باعث مداحوں کا انتظار برقرار ہے اور ہر نئی رپورٹ اس تجسس میں مزید اضافہ کر رہی ہے۔