جنرل راحیل شریف سے مستقبل میں مشاورت جاری رکھنے کا اعلان

شائع 24 نومبر 2016 04:48pm
File Photo File Photo

اسلام آباد:وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف کی خدمات لائق تحسین ہیں،ان سے مستقبل میں بھی مشاورت جاری رکھیں گے۔

وزیراعظم نواز شریف نے آرمی چیف کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیے سے  خطاب کیا۔ اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ جنرل راحیل نے بطور آرمی چیف شاندار خدمات انجام دیں۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جنرل راحیل شریف کوغیرمعمولی قابلیت کی بنیاد پر آرمی چیف مقررکیاگیا،ان کا تعلق بہادر خاندان سے ہے۔

نواز شریف نے مزید کہا کہ جنرل راحیل کا خاندان ملک کے دفاع کی خدمات کیلئے جاناجاتاہے،جنرل راحیل نے وطن کے دفاع کیلئے اپنے بڑوں کی روایات کو پروان چڑھایا۔

 وزیراعظم کا کہنا تھا کہ راحیل شریف نے محنت اور لگن سے خودکو بہترین سپہ سالار ثابت کیا،بطور کورکمانڈر گوجرنوالا بھی  انہوں نے بہترین خدمات پیش کیں۔ نواز شریف نے آپریشن ضرب عضب دنیا کی عظیم ترین جنگ  قرار دیا اور کہا کہ اس سے پاک فوج کے حوصلے بلند ہوئے جبکہ انسداد دہشت گردی کیلئے دنیا ہمارے عزم سے واقف ہے۔

 نواز شریف کا کہنا تھا کہ  دوہزار تیرہ کے موازنے میں پاکستان آج زیادہ مستحکم ہے،وہ جنرل راحیل شریف سے مستقبل میں بھی مشاورت جاری رکھیں گے۔