پنجاب: ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال چھٹے روزمیں داخل

شائع 17 دسمبر 2016 06:16am
فائل فوٹو فائل فوٹو

لاہور:پنجاب بھر کے سرکاری اسپتالوں میں ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال چھٹے روز میں داخل ہوگئی۔

سینئرزکی آمد اور ڈاکٹروں کیخلاف ایکشن سے بھی مریضوں کی مشکل حل نہ ہوسکی،مگر ڈاکٹرز کہتے ہیں حق حاصل کیے بغیر احتجاج ختم نہیں کریں گے۔

دوسری جانب ڈاکٹروں کی ہڑتال نے مریضوں کوعذاب میں ڈال دیا،پنجاب کے سرکاری اسپتالوں میں ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن نے سینٹرل انڈکشن پالیسی اور مفت ادویات کا مطالبہ کیلئے چھ روز سےاو پی ڈی میں کام بند کررکھاہے۔

سروسز،گنگارام،چلڈرن،جنرل،جناح سمیت لاہور کے مختلف اسپتالوں کےڈاکٹرزآج بھی اپنی نشستوں کی بجائے او پی ڈی میں نعرے لگاتے اور احتجاج ہی کرتے دکھائی دئیے۔

دوسری جانب انتظامیہ کی جانب سے وائی ڈی اے کیخلاف کارروائی کاسلسلہ بھی جاری ہے 13 ڈاکٹرز کیخلاف ایکشن لیا جاچکا ہے۔

 لیکن اس کے باوجود،ڈاکٹرز کہتے ہیں کوئی بھی کارروائی انہیں حق حاصل کرنے سے روک نہیں سکتی۔