دھرنے والوں کی اب یہاں کوئی جگہ نہیں:وزیر اعظم

شائع 17 دسمبر 2016 04:52pm
فائل فوٹو فائل فوٹو

لاہور:وزیراعظم نواز شریف کہتے ہیں کہ دھرنے والوں کی اب یہاں کوئی جگہ نہیں۔

وزیراعظم نواز شریف نے لاہور میں گریٹر اقبال پارک کا افتتاح کیا۔تقریب میں وزیراعلیٰ پنجاب، صوبائی وزرا اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

وزیراعظم نے پارک کے مختلف حصوں کا جائزہ لیا، انہیں منصوبے پربریفنگ بھی دی گئی۔

تقریب سے خطاب میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یہ پارک ہماری شاندار ثقافت کی علامت ہے۔ بدقسمتی سے دھرنے والے ایسی جگہ کی تلاش میں رہتے ہیں،مگراب یہاں لکھ دینا چاہیئے کہ یہ دھرنے کی جگہ نہیں۔

نوازشریف نے کہا کہ دہشتگردی سمیت متعدد چیلنجز ورثے میں ملےلیکن اب دیکھنے والوں کو نظر آ رہا ہے کہ حکومت کیا کر رہی ہے مگر قوم کو توانائی بحران پیدا کرنے والے حکمرانوں سے جواب مانگنا چاہیئے۔

وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے خطاب میں کہا کہ گریٹراقبال پارک ناصرف اندرون ملک بلکہ بیرون ملک بھی پاکستان کی ترجمانی کرے گا۔

ایک سو پچیس ایکڑ پر محیط گریٹر اقبال پارک کو ڈیڑھ سال کے عرصے میں مکمل کیا گیا ہے جہاں سیاحوں کیلئے فوڈ کورٹس بھی قائم کئے گئے ہیں۔