سینیٹ : پانچ ہزار کا نوٹ واپس لینے کی قرارداد

شائع 19 دسمبر 2016 02:01pm
File Photo File Photo

سینیٹ نے حکومتی مخالفت کے باوجود معیشت کے حجم کو کم کرنے کی غرض سے پانچ ہزار والے نوٹ واپس لینے کی قرارداد منظور کر لی۔

وزیرقانون زاہد حامد  نے کہا ہے کہ سینیٹ بجٹ منظور نہ کرے تو حکومت کی حیثیت ختم ہو جائے گی، چیئرمین رضا ربانی نے کہاکہ اگرسینیٹ سے بجٹ منظور نہ ہو تو حکومت کو استعفی دینا پڑے گا۔

ایوان بالا کے اجلاس میں سینیٹر عثمان سیف اللہ نے پانچ ہزار والے نوٹ واپس لینے کی قرار داد پیش کی، جس میں کہا گیا ہے کہ حکومت پانچ ہزار کے نوٹ واپس لینے سے پہلے تین سال میں مناسب اقدام اٹھائے۔

 عثمان سیف اللہ کا کہنا تھا کہ قرارداد کا مقصد بینک اکاؤنٹس کے رحجان کو فروغ دینا ہے، پانچ ہزار والا نوٹ واپس لینے سے کرپشن کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔

 وزیر قانون زاہد حامد نے قرار داد کی مخالفت کرتے ہوئے کہاکہ پانچ ہزار کا نوٹ واپس لینے سے مالی بحران پیدا ہو گا۔

 سینیٹ نے حکومتی مخالفت کے باوجود  پانچ ہزار والے نوٹ واپس لینے کی قرار داد منظور کر لی، ایوان  کو منی بل بشمول مالیاتی بل کی منظوری کا اختیار دینے کی قرارداد بھی منظور کی گئی۔