امریکا ایران مذاکرات: جڑواں شہروں میں کل بھی عام تعطیل کا اعلان
اسلام آباد میں امریکا اور ایران کے درمیان ممکنہ مذاکرات اور غیر ملکی وفود کی آمد و رفت کے پیش نظر راولپنڈی اور اسلام آباد میں کل بھی عام تعطیل کا اعلان کر دیا گیا ہے، جس کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق سیکیورٹی اور انتظامی وجوہات کے باعث راولپنڈی میں 11 اپریل کو عام تعطیل ہوگی، جس کا نوٹیفکیشن ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کی جانب سے جاری کیا گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق کل راولپنڈی میں تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے، دفاتر اور دیگر ادارے بند رہیں گے تاہم ضروری خدمات فراہم کرنے والے ادارے معمول کے مطابق کھلے رہیں گے۔
اسی طرح اسلام آباد میں بھی سیکیورٹی صورت حال کے پیش نظر عام تعطیل کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے۔ انتظامیہ کے مطابق یہ فیصلہ غیر ملکی وفود کی آمد و رفت اور امریکا ایران مذاکرات سے متعلق سیکیورٹی اقدامات کے تناظر میں کیا گیا ہے۔
حکام نے واضح کیا ہے کہ حساس نوعیت کے انتظامات کے باعث شہر میں خصوصی سیکیورٹی اقدامات کیے جا رہے ہیں اور شہریوں سے تعاون کی اپیل کی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق دونوں شہروں میں معمول کی سرگرمیاں معطل رہیں گی جب کہ صرف ہنگامی اور ضروری خدمات جاری رہیں گی۔
واضح رہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان کل اسلام آباد میں اہم مذاکرات ہونے جا رہے ہیں، جس کے تناظر میں راولپنڈی اور اسلام آباد میں 9 اور 10 اپریل کو عام تعطیل کا اعلان کیا گیا تھا۔
دوسری جانب 11 اور 12 اپریل کو راولپنڈی میں بازار بھی بند رکھنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔













