ایران میں دشمن کو معلومات دینے کے الزام میں 50 افراد گرفتار

امریکا اور اسرائیل سے مبینہ رابطے، حساس مقامات کی معلومات شیئر کرنے کا الزام
اپ ڈیٹ 12 اپريل 2026 02:24pm

ایران میں سیکیورٹی اداروں نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے امریکا اور اسرائیل کو حساس معلومات فراہم کرنے الزام میں کم از کم 50 افراد کو گرفتار کرلیا۔ حکام کے مطابق ملزمان اہم تنصیبات اور سروسز سے متعلق معلومات شیئر کر رہے تھے۔

ایرانی حکام نے الزام عائد کیا ہے کہ گرفتار افراد ’’کرائے کے ایجنٹ‘‘ کے طور پر کام کر رہے تھے اور دشمن ممالک کے ساتھ تعاون میں ملوث تھے۔ ریاست سے منسلک خبر رساں ادارے ایس این این کے مطابق ان افراد نے حساس مقامات، سروس سہولیات اور انفراسٹرکچر سے متعلق معلومات بیرونِ ملک منتقل کیں۔

رپورٹ کے مطابق کارروائی کے دوران سیکیورٹی اداروں نے ملزمان کے قبضے سے الیکٹرانک آلات، سیٹلائٹ کمیونیکیشن کا سامان اور اسلحہ بھی برآمد کیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ نیٹ ورک ملک کی سیکیورٹی کے لیے خطرہ بن سکتا تھا۔

یہ گرفتاریاں ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہیں جب ایران میں حالیہ کشیدگی کے بعد جاسوسی کے الزامات میں درجنوں افراد کو پہلے ہی حراست میں لیا جا چکا ہے۔ گزشتہ سال امریکا اور اسرائیل کے ساتھ 12 روزہ تنازع کے بعد بھی اسی نوعیت کی بڑی کارروائیاں کی گئی تھیں۔

دریں اثنا، ایران میں حال ہی میں جاسوسی سے متعلق قانون کو مزید سخت کر دیا گیا ہے، جس کے تحت جاسوسی کے مرتکب افراد کو سزائے موت اور جائیداد کی ضبطی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔