کراچی سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں زلزلہ، شدت کتنی ریکارڈ کی گئی؟

زلزلے کے باعث فوری طور پر کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاعات موصول نہیں ہوئیں۔
اپ ڈیٹ 18 اپريل 2026 06:25pm

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور کراچی سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں، جس کے باعث شہریوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔

زلزلہ پیما مرکز نے خیبرپختونخوا میں آنے والے زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 5.4 ریکارڈ کی جب کہ راولپنڈی اور اسلام آباد میں آنے والے زلزلے کی شدت 5.5 بتائی گئی۔ زلزلے کا مرکز کوہ ہندوکش ریجن تھا اور اس کی زیر زمین گہرائی 199 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔

پشاور کے علاوہ مردان، دیر اپر، دیر لوئر، ایبٹ آباد، مانسہرہ، بالاکوٹ، کاغان اور ہری پور میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ اسی طرح صوابی، نوشہرہ، چارسدہ، شانگلہ، چترال، باجوڑ، کرم، پاراچنار، کرک اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی زمین لرز اٹھی۔

ملاکنڈ، سوات، سیدو شریف، بریکوٹ، کالام، سخاکوٹ اور درگئی سمیت دیگر علاقوں میں بھی زلزلے کے جھٹکوں کی اطلاعات موصول ہوئیں، جس کے باعث شہریوں میں خوف کی فضا قائم ہوگئی تاہم فوری طور پر کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاعات موصول نہیں ہوئیں۔

دوسری جانب بلوچستان کے علاقے پسنی میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جہاں ریکٹر اسکیل پر شدت 4.5 ریکارڈ کی گئی۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی گہرائی 13 کلومیٹر تھی اور اس کا مرکز پسنی سے 48 کلومیٹر جنوب مغرب میں واقع تھا۔

ادھر کراچی کے علاقے ملیر اور گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 3.4 ریکارڈ کی گئی ہے۔

زلزلہ پیما مرکز کا بتانا ہے کہ زلزلے کی گہرائی 10 کلومیٹر زیرِ زمین تھی جب کہ اس کا وقت دوپہر 1 بج کر 13 منٹ ریکارڈ کیا گیا۔

ملیر کے مختلف علاقوں میں جب زلزلے کے جھٹکے محسوس ہوئے تو لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے۔ خوش قسمتی سے اب تک کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔