مشرقِ وسطیٰ میں تعینات امریکی بحری جہازوں پر کھانے کی قلت کی خبریں، نیوی چیف کا بیان آگیا
امریکی بحریہ نے اپنے دو بڑے جنگی جہازوں پر خوراک کی کمی کی گردش کرتی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام اہلکاروں کو مکمل اور متوازن کھانا فراہم کیا جا رہا ہے۔
امریکی بحریہ کے اعلیٰ دفتر نے کہا ہے کہ یو ایس ایس ابراہم لنکن اور ایس ایس طرابلس پر خوراک کی کمی سے متعلق خبریں غلط ہیں۔
یہ وضاحت ایسے وقت میں سامنے آئی جب سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر کچھ تصاویر گردش کر رہی تھیں جن میں مبینہ طور پر فوجیوں کو دی جانے والی خالی یا تقریباً خالی پلیٹیں دکھائی گئی تھیں۔ دونوں جہاز اس وقت مشرقِ وسطیٰ میں تعینات ہیں۔
نیول چیف کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ دونوں جہازوں پر عملے کے لیے وافر مقدار میں خوراک موجود ہے اور انہیں صحت مند کھانے کے مناسب مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ اہلکاروں کی صحت اور فلاح و بہبود اولین ترجیح ہے اور ہر فرد کو مکمل مقدار میں غذائیت سے بھرپور خوراک فراہم کی جا رہی ہے۔














